رسائی کے لنکس

شائستہ لودھی نے سالگرہ منائی تھیلیسیما کے مریض بچوں کے ساتھ


شائستہ لودھی اپنی بیٹی ایمان واحدی کے ساتھ اپنی سالگرہ کے دن، یعنی 26 نومبر کو ایک غیر سرکاری تنظیم، ’میک اے وش فاوٴنڈیشن‘ کے کراچی دفتر پہنچیں، جہاں ان سے ملنے کے خواہش مند تھیلیسیما کے مرض میں مبتلا بہت سے بچے ان کے منتظر تھے

متعدد ٹی وی مارننگ شوز کی مقبول میزبان، شائستہ لودھی نے اس سال اپنی سالگرہ منانے کے لئے منفرد انداز اپنایا اور دوستوں اور عزیز و اقارب کے بجائے اپنی سالگرہ تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے ساتھ منائی۔

شائستہ لودھی اپنی بیٹی ایمان واحدی کے ساتھ اپنی سالگرہ کے دن یعنی 26 نومبر کو ایک غیرسرکاری تنظیم، ’میک اے وش فاوٴنڈیشن‘ کے کراچی دفتر پہنچیں جہاں ان سے ملنے کے خواہش مند تھیلیسیما کے مرض میں مبتلا بہت سے بچے ان کے منتظر تھے۔ شائستہ لودھی ان بچوں سے گھل مل گئیں اور بچوں سے ان کی سالگرہ کے حوالے سے باتیں کیں۔

شائستہ لودھی نے کیک کاٹا تو بچوں نے انہیں مبارکباد دی اور خوب شور شرابا کیا۔ پبلسٹی فرم ’فری جینسی‘ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شائشتہ لودھی کا کہنا تھا: ’ہم اکثر اپنی سالگرہ کی تقریب بہت دھوم دھام اور شاندار طریقے سے اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ مناتے ہیں اور ان تمام نعمتوں سے محروم لوگوں کا خیال ایسے موقع پرکسی کو نہیں آتا۔ اپنی سالگرہ کو بہت خاص اور یادگار بنانے کے لئے میں نے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے ساتھ سالگرہ منانے کا فیصلہ کیا۔‘

شائستہ لودھی نے کیک کاٹنے کے بعد بچوں میں جو تحائف تقسیم کئے ان میں ڈول ہاوٴس، ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی گاڑیاں، موبائل فونز اور دیگر قیمتی تحفے شامل تھے۔

شائستہ لودھی نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز ’انڈس ٹی وی‘ نیٹ ورک سے کیا۔ ’اے آروائی ڈیجیٹل‘ پر مارننگ شو کرنے کے بعد شائستہ نے جیو ٹی وی کا رخ کیا اور وہاں شائستہ کے مارننگ شو ’اٹھو، جاگو پاکستان‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔

وہ کچھ عرصے کے لئے ٹی وی کی دنیا سے دور ہوگئی تھیں۔ لیکن، اب دوبارہ ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہو گئی ہیں اور آج کل ’ہم ستارے‘ کے مارننگ شو میں میزبان کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG