رسائی کے لنکس

چوہتر سال کی عمر میں انڈا دینے والا معمر ترین پرندہ


74 سال کی عمر میں انڈہ دینے والا آبی پرندہ وزڈم اپنے انڈے یے ساتھ۔ اس نے یہ انڈہ چار سال کے وقفے کے بعد دیا ہے۔ 27 نومبر 2024
74 سال کی عمر میں انڈہ دینے والا آبی پرندہ وزڈم اپنے انڈے یے ساتھ۔ اس نے یہ انڈہ چار سال کے وقفے کے بعد دیا ہے۔ 27 نومبر 2024
  • شمالی بحرالکاہل کے جزائر ہوائی میں پائے جانے والے سمندری پرندے عموماً 68 سال تک زندہ رہتے ہیں۔
  • لیسان البٹراسس نسل کے یہ پرندے سال میں صرف ایک انڈہ دیتے ہیں۔
  • 99 فی صد پرندے مڈے وے اٹول نامی جزیرے پر انڈے دینے، انہیں سینے اور بچے پالنے کے لیے آتے ہیں۔
  • لیسان البٹراسس کے ایک مادہ پرندے نے، جسے وزڈم کا نام دیا گیا ہے، 74 سال کی عمر میں انڈا دیا ہے جو ایک حیرت انگیز واقعہ ہے۔
  • جنگلی حیات کے ماہرین 1956 سے وزڈم پر نظر رکھ رہے ہیں۔
  • ان دنوں وزڈم اپنے نر ساتھی کے ساتھ مل کر انڈا سی رہی ہے جس سے دو مہینوں میں بچہ نکلنے کی توقع ہے۔

آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ ایک مادہ سمندری پرندے نے، جس کی عمر کا اندازہ 74 سال ہے، انڈا دیا ہے۔

امریکہ کی سمندری اور جنگلی حیات کا ادارہ 1956 سے اس پرندے کا ریکارڈ رکھ رہا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ اس کا 60 واں انڈہ ہے۔

آزاد فضاؤں میں رہنے والے کسی پرندے کا ریکارڈ رکھنے کے لیے اس کے پاؤں کے ساتھ ایک ٹیگ لگا دیا جاتا ہے جس سے اس کی نقل و حرکت کا پتہ چلتا رہتا ہے۔ ٹیگ لگاتے وقت شناخت کے لیے اسے کوئی نام یا نمبر دیا جاتا ہے۔

اس پرندے کو وزڈم(Wisdom) کا نام دیا گیا ہے یعنی عقل و دانائی رکھنے والا پرندہ۔ یہ تو معلوم نہیں ہے کہ وہ کتنا ذہین اور دانش مند ہے، لیکن ایک چیز جو اسے دوسرے پرندوں سے ممتاز کرتی ہے، وہ اس کی عمر اور اپنی نسل بڑھانے کی صلاحیت ہے، جس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ نہ صرف اس نے 74 سال کی عمر میں انڈا دیا ہے، بلکہ بچہ پیدا کرنے کے لیے یہ مادہ اسے سی بھی رہی ہے۔

لیسان البٹراسس نسل کے آبی پرندے اپنے جیون ساتھی کے ساتھ مل کر انڈے سیتے ہیں ۔
لیسان البٹراسس نسل کے آبی پرندے اپنے جیون ساتھی کے ساتھ مل کر انڈے سیتے ہیں ۔

وزڈم کا تعلق آبی پرندوں کی نسل لیسان البٹراسس(Laysan albatross) سے ہے۔ یہ پرندے زیادہ تر ہوائی کے جزائر میں پائے جاتے ہیں۔ یہ نسبتاً بڑے سائز کا پرندہ ہوتا ہے۔ اس کی اوسط لمبائی تقریباً 32 انچ اور پروں کا پھیلاؤ 80 انچ تک ہوتا ہے۔ نر پرندے کا وزن پانچ سے نو پاؤنڈ تک ہوتا ہے جب کہ مادہ قدرے سمارٹ ہوتی ہے اور اس کا وزن 8 پاؤنڈ تک ہوتا ہے۔

اس نسل کے پرندے عموماً لمبی عمر پاتے ہیں۔ ماہرین کا تخمینہ ہے کہ وہ 68 سال تک زندہ رہتے ہیں۔

عام پرندوں کے برعکس لیسان البٹراسس نسل کے پرندے دیر سے بالغ ہوتے ہیں اور پانچ سال کی عمر میں پہلا انڈا دیتے ہیں۔ جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی تعداد 12 لاکھ کے قریب ہے۔

لیسان البٹراسس( نسل کے آبی پرندے شمالی بحرالکاہل کے جزیرے مڈے وے اٹول پر موسم کا لطف اٹھا رہے ہیں۔
لیسان البٹراسس( نسل کے آبی پرندے شمالی بحرالکاہل کے جزیرے مڈے وے اٹول پر موسم کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

لیسن البٹراس آزاد فضاؤں کا پرندہ ہے۔ اس کی زندگی سمندر کی لہروں پر پرواز کرتے اور اپنی خوراک تلاش کرتے گزرتی ہے، لیکن انڈے دینے، انہیں سینے اور بچے پالنے کے لیے 99 فی صد سے زیادہ پرندے شمالی بحرالکاہل کے ایک چھوٹے سے جزیرے مڈوے اٹول(Midway Atoll) کا رخ کرتے ہیں۔ سمندری اور جنگلی حیات کے ادارے نے اس جزیرے کولیسان البٹراسس کی محفوظ پناہ گاہ کا درجہ دے رکھا ہے۔

زندگی گزارنے کے لیے لیسان البٹراسس پرندے اپنے جیون ساتھی کا انتخاب کرتے ہیں اور زیادہ تر ایک ساتھ رہتے ہیں۔ دونوں مل کر دو مہینے تک انڈہ سیتے ہیں اور بچے کو بھی مل کر ہی پالتے ہیں۔ بچہ عموماً پانچ سے چھ مہینوں میں اڑنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ ایک بار جب بچہ اپنے پر پھیلا لیتا ہے، والدین اس کی ذمہ داریوں سے آزاد ہو جاتے ہیں۔

وائلڈ لائف حکام کے ریکارڈ کے مطابق وزڈم 2006 سے اپنے جیون ساتھی کے ساتھ مڈوے اٹول پر آ رہی تھی، جس کا نام حکام نے اکیکامائی(Akeakamai) رکھ دیا تھا۔ لیکن حالیہ کئی برسوں کے دوان اکیکامائی کو نہیں دیکھا گیا اور وزڈم اکیلے ہی آ رہی تھی۔

بحرالکاہل کے جزیرے مڈے وے اٹول میں جنگی حیات کے دفتر کے قریب لی گئی دنیا کے سب سے معمر آبی پرندے وزڈم کی تصویر۔ اس کی عمر کا تخمینہ 74 سال ہے۔
بحرالکاہل کے جزیرے مڈے وے اٹول میں جنگی حیات کے دفتر کے قریب لی گئی دنیا کے سب سے معمر آبی پرندے وزڈم کی تصویر۔ اس کی عمر کا تخمینہ 74 سال ہے۔

اس سال جب انڈے دینے کا سیزن شروع ہوا تو وزڈم کے ساتھ ایک نیا نر پرندہ دیکھا گیا۔ اکیکامائی کے ساتھ کیا ہوا؟ کچھ معلوم نہیں ہے۔اس سیزن میں وزڈم نے انڈا دیا ہے۔ یہ چار سال کے وقفے کے بعد اس کا پہلا انڈا ہے جسے وہ اور اس کا نیا ساتھ مل کر سی رہے ہیں۔

وائلڈ لائف کے ماہرین ابھی یہ تعین نہیں کر پائے کہ وزڈم اور اس کے نئے ساتھی کے درمیان تعلق کتنا پرانا ہے۔ تاہم ریکارڈ رکھنے کے لیے نئے شریک سفر کے پاؤں میں بھی ٹیگ ڈال دیا گیا ہے۔

وائلڈ لائف نے وزڈم، اس کے نئے شریک حیات اور 74 سال کی عمر میں دیے گئے انڈے کی ایکس پر ایک ویڈیو جاری کی ہے۔

مڈوے اٹول میں جنگلی حیات کے ایک ماہر جوناتھن پلسنر (Jonathan Plissner) کو توقع ہے کہ 74 سال کی عمر میں دیے گئے انڈے سے بچہ بھی نکلے گا۔

ریکارڈ کے مطابق وزڈم اب تک اپنے 30 بچے پروان چڑھا چکی ہے۔

پلسنر نے بتایا کہ وزڈم کے پاؤں میں ٹیگ 1956 میں باندھا گیا تھا اور یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ وہ بالغ ہو چکی ہے۔ لیسان البٹراسس پرندے عموماً پانچ سال کی عمر میں بالغ ہونے کے بعد انڈے دینا شروع کرتے ہیں اور وہ سال میں صرف ایک بار ایک ہی انڈا دیتے ہیں۔

(اس رپورٹ کی کچھ معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG