امریکہ میں کرونا وائرس سے آگاہی اور دنیا بھر کے سیاسی رہنماؤں کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کے لیے رواں ماہ 27 جون کو ایک میوزیکل کانسرٹ منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں مختلف گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
اس کانسرٹ کا ایک مقصد تمام عالمی رہنماؤں پر یہ واضح کرنا بھی ہے کہ کرونا وائرس کے ٹیسٹ اور اس وبا کے علاج کے سب کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
امریکی مشاورتی ادارے 'گلوبل سٹیزن' اور یورپی کمیشن کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بیان کے مطابق کانسرٹ کو 'گلوبل گول، یونائٹ فار آور فیوچر' کا نام دیا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹیڈ پریس' کے مطابق ہالی وڈ اداکار وائن جانسن اور گلوکارہ شکیرا کانسرٹ کی میزبانی کریں گے۔ جب کہ مائلی سائرس اور جینفر ہڈسن پرفارم کریں گے۔
کانسرٹ کو امریکی ٹی وی چینل 'این بی سی' نشر کرے گا۔ جب کہ تمام فنکار انفرادی طور پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
میوزیکل کانسرٹ میں پرفارم کرنے والے فنکاروں میں یوشر، جسٹن بیبر، کولڈ پلے اور چلو ایکس ہیلے بھی شامل ہیں۔
کانسرٹ میں بلی پورٹر، چارلیز تھیرون، کرس راک، کیری واشنگٹن اور سلمیٰ ہائیک کی پرفارمنسز بھی متوقع ہیں۔
کانسرٹ کو امریکہ میں این بی سی چینل کے ساتھ ساتھ دوسرے ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشنز سے بھی نشر کیا جائے گا۔ جب کہ اسے انٹرنیٹ پر اور بذریعہ لائیو اسٹریمنگ بھی دیکھا جاسکے گا۔
کانسرٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ کانسرٹ سے فنڈز اکھٹا کرنا مقصد نہیں۔ بلکہ اس کا مقصد وبائی مرض کے پسماندہ طبقات پر پڑنے والے غیر متناسب اثرات سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔