رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کے خلاف کافی غلطیاں کیں جن سے سیکھنا ہو گا: شان مسعود


  • پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
  • پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
  • بنگلہ دیش کے خلاف شکست پر کھلاڑی افسردہ تھے، انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے: شان مسعود

ویب ڈیسک — پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کافی غلطیاں کیں جن سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا۔

ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز بڑا چیلنج ہے جس کے لیے کھلاڑی تیار ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب بھی ٹیم ہارتی ہے تو تبدیلیوں کی بات کی جاتی ہے، تاہم عجلت میں فیصلوں کے بجائے انہی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست پر کھلاڑی افسردہ تھے اور اب وہ بہتر نتائج دینے کی پوری کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو گزشتہ ماہ بنگلہ دیش نے ہوم ٹیسٹ سیریز میں دو، صفر سے شکست دے کر کلین سوئپ کیا تھا۔ اس سیریز کے دوران نہ صرف بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی بلکہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ بھی کیا تھا۔

پاکستان کو اب آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز کھیلنا ہے جس کا پہلا ٹیسٹ سات اکتوبر کو ملتان میں شروع ہو رہا ہے۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے سن 2022 میں اپنے دورۂ پاکستان کے دوران تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کیا تھا۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ملتان جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنرل اسٹینڈ میں شائقین کا داخلہ مفت ہو گا۔

ملتان میں ٹیسٹ میچز کے لیے لیے کم سے کم ٹکٹ 50 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ 2500 روپے رکھی گئی ہے۔ راولپنڈی میں کم سے کم ٹکٹ 200 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ 2500 روپے رکھی گئی ہے۔ راولپنڈی میں بھی پہلے روز جنرل اسٹینڈ میں داخلہ مفت ہو گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ سات سے 11 اکتوبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 15 سے 19 اکتوبر تک ملتان میں ہو گا۔ جب کہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG