پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کے دونوں اوپنر 27 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو کر پیویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان 11 رنز بنا کر گاماگے کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ احمد شہزاد کو 8 رنز پر لکمل نے آؤٹ کیا۔ اُن کا کیچ سری وردھانہ نے لیا۔
اس وقت بابر اعظم 4 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ محمد حفیظ نے ابھی کوئی رن نہیں بنایا ہے۔
میچ سے ایک روز قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شارجہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ جیتنے سے لڑکوں میں کافی اعتماد آیا ہے اور وہ پوری کوشش کرینگے کہ دوسرا ایک روزہ میچ بھی جیتیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ پریکٹس کے دوران لڑکوں کے ساتھ چھوٹے موٹے فٹنس کے مسائل ہو جاتے ہیں، لیکن اس وقت تمام ٹیم فِٹ ہے۔
قومی کرکٹ کے کپتان نے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی؛ اور ''جب تک لڑکے اچھا کھیلتے رہینگے ٹیم میں جگہ بناتے رہین گے''۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں بھی قوم کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔
اس موقع پر سری لنکن کپتان انگلو میتھیو نے کہا کہ انہوں نے پہلے ایک روزہ میچ کی بعد اپنی ٹیم کی خامیوں پر زور دیا ہے اور کھلاڑیوں نے خوب محنت کی ہے۔
انگلو میتھیو نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے بلے بازی پر بھرپور توجہ دی ہے۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پہلے ایک روزہ میچ میں ان کی ٹیم سے بہت سی غلطیاں ہوئیں اور پاکستانی بلے بازوں نے اچھا اسکور کیا، جس کے باعث ان کی ٹیم دباؤ میں آگئی۔ لیکن، انہیں امید ہے کہ پاکستان کے خلاف دوسرا ایک روزہ میچ وہ اپنے نام کر سکیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے خلاف دوسرا ایک روزہ کرکٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک کی برتری حاصل ہے۔