’کوکیلا بین‘ ممبئی کا جانے کیسا اسپتال ہے کہ اکثر فنکاروں کی زندگی کو یہاں آکر نظر لگ جاتی ہے ۔
ششی کپور کو ہی دیکھ لیں اناسی سالہ فنکار طویل عرصے تک بیماری سے لڑتے رہے، حتیٰ کہ سالوں سے وہیل چیئر پر بھی انہوں نے یہ جنگ جاری رکھی لیکن پیر 4دسمبر کی شام یہی اسپتال ان کے آخری سفر کی پہلی منزل ثابت ہوا۔
ان کا تعلق بالی وڈ کی ’فرسٹ فیملی‘کہلائے جانے والے کپور خاندان سے تھا۔وہ پاکستان کے شہر پشاور سے ممبئی ہجرت کرکے فلم انڈسٹری میں نام کمانے والے ’مغل اعظم‘ پرتھوی راج کپور کے بیٹے اور بالی وڈ کے ’شومین‘راج کپور اور اداکار شمی کپور کے بھائی تھے۔
فلمی گھرانے میں آنکھ کھولنے والے ششی کپور کے ایکٹنگ کیرئیر کی شروعات ان کے والد پرتھوی راج کے ایک اسٹیج ڈرامے میں بطور چائلڈ اسٹار کے ہوئی۔
سن 1961میں بنی فلم’دھرم پترا‘ششی کپورکی پہلی فلم تھی۔انہوں نے ’دیوار‘، ’ستیم، شیوم، سندرم‘، ’شان‘،’نمک حلال‘ سمیت ایک سو سولہ فلموں میں کام کیا اور ہر کردار میں خود کو بہتر سے بہتر ایکڑ ثابت کیا۔
بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’دیوار‘ میں ششی کپور کا بولا گیا ڈائیلاگ ’میرے پاس ماں ہے‘ ہمیشہ کے لئے ان کی پہچان بن گیا۔
ششی کپور اور امیتابھ بچن کی جوڑی نے کئی سپرہٹ اور یادگار فلمیں بھارتی فلم انڈسٹری کو دیں جن میں’ دیوار‘،’سہاگ‘،’دو اور دو پانچ‘ وغیرہ شامل ہیں۔
فلم ’کبھی کبھی‘ میں ششی کپورنے اپنے بھتیجے رشی کپور کے والد کا کردار ادا کیا۔ اس میں بھی امیتابھ ان کے ساتھ فنکاروں میں شامل رہے۔
وہ بھارتی سینما کے شوخ و شریر اور ہینڈسم ہیرو کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ’پردیسیوں سے نہ انکھیاں ملانا۔ ‘میں آنکھوں میں چمک اور ہونٹوں پر مسکراہٹ سجائے سیدھا سادا گاؤں کا لڑکا ہویا ’لکھے جوخط تجھے‘ جیسا سپرہٹ گانا گاتا رومینٹک ہیرو یا پھر ’کھلتے ہیں گل یہاں کھل کے بکھرنے کو‘‘ جیسا سدا بہار گانا، انہیں سلور اسکرین پرگنگناتے ششی کپور لاکھوں دلوں کی دھڑکن رہے۔
راکھی سے نیتو سنگھ تک ششی کپور نے اپنے دورکی تمام صف اول ہیروئنز کے ساتھ کام کیا۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے فن کا لوہا منوانے والے ششی کپور کو 2011 میں ’’پدم بھوشن‘‘ اور 2014 میں ’’داداصاحب پھالکے‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ششی کپورنے’ہیٹ اینڈ ڈسٹ‘ سمیت کئی انگریزی فلموں میں بھی کام کیا۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ششی کپورنے اپنی بیوی اور انگلش اداکارہ جینفر کینڈل کے ساتھ ملکر 1978 میں ممبئی میں پرتھوی تھیڑ قائم کیا۔
ششی کو 1984 میں اس وقت گہرا صدمہ اٹھانا پڑا جب جینفر کینسر کے ہاتھوں چل بسیں۔ ششی کپور کے دو بیٹے کنال اور کرن کپور اور بیٹی سنجنا کپور ہیں۔ یہ تینوں بچے بھی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے ہیں۔