بالی وڈ کی معروف ہیروئن اور یوگا انسٹرکٹر شلپا شیٹی اور برطانوی بزنس مین راج کندرا کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
شلپا شیٹی کے خاوند راج کندرا کا انسٹا گرام پوسٹ میں کہنا ہے کہ وہ خاندان میں ایک نئے فرد سمیشا شیٹی کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق شلپا شیٹی اور راج کندرا کی بیٹی 15 فروری کو پیدا ہوئی۔
یوگا انسٹرکٹر شلپا شیٹی نے انسٹا گرام پر اپنی بیٹی کی پہلی جھلک دکھاتے ہوئے لکھا کہ ‘ان کی دعائیں اس معجزے کی صورت میں قبول ہو گئی ہیں۔
پوسٹ میں شلپا کا مزید کہنا تھا کہ وہ سمیشا شیٹی کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بہت جذباتی ہیں۔
اخبار کے مطابق شلپا شیٹی کی بیٹی سروگیسی(دوسرے کی کوکھ سے بچے کی پیدائش) کے ذریعے پیدا ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ شلپا شیٹی کی بزنس مین راج کندرا سے 2009 میں شادی ہوئی تھی اور 2012 میں ان کا بیٹا ویان پیدا ہوا تھا۔
شلپا شیٹی کی ‘نکما’ اور ‘ہنگامہ 2’ کے ذریعے فلم انڈسٹری میں واپسی بھی ہو رہی ہے۔