رسائی کے لنکس

پشاور: سکھ برادری کے رہنما سردار چرن جیت سنگھ قتل


سردار چرن جیت سنگھ۔ فائل فوٹو
سردار چرن جیت سنگھ۔ فائل فوٹو

پچھلے کئی برسوں سے پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں منگل کی سہ پہر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک اہم رہنما کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ سردار چرن جیت سنگھ کو اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا جب وہ کوہاٹ روڈ پر واقع سکیم چوک میں اپنی دکان میں موجود تھے۔ موٹرسائیکل سوار حملہ آور واردات کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

سکھ برادری کے ایک رہنما رادیش سنگھ ٹونی نے وائس آف امریکہ سے بات چیت میں سردار چرن جیت سنگھ کے نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے کی تصدیق کی۔

رادیش سنگھ ٹونی نے سردار چرن جیت سنگھ کے قتل کو ایک افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عجیب بات ہے کہ جمہوری حکومت کے ختم ہونے کے دوسرے دن یہ واقعہ ہو رہا ہے۔

ایک اور سکھ رہنما سردار جتندر سنگھ نے وائس آف امریکہ کو بتایاکہ پوسٹ مارٹم کی تکمیل کے بعد آخری رسومات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔

سردار چرن جیت سنگھ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کاوشوں میں سرفہرست تھے۔ انہوں نے پچھلے کئی سالوں سے مذہبی رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

سردار چرن جیت سنگھ کے آبا و اجداد کا تعلق قبائلی علاقے تیراہ سے تھا مگر لگ بھگ دو ڈھائی سال قبل وہ اپنے قریبی رشتہ داروں اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے درجنوں خاندانوں کے ہمراہ پشاور منتقل ہوئے ہیں۔

پچھلے کئی برسوں سے پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا ہے۔ اپریل 2016 میں وزیر اعلی کے مشیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار سورن سنگھ کو ضلع بونیر میں ان کے گھر ہی میں مسلح افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG