رسائی کے لنکس

گلوکار جواد احمد کا الیکشن لڑنے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جواد احمد کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے خلاف تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عام انتخابات میں سیاست دانوں کے علاوہ شوبز سے جڑی شخصیات بھی غیر معمولی دلچسپی لیتی ہیں۔

پاکستان میں خصوصاً گلوکاروں کی بڑی تعداد سیاست کے میدان میں بھی نام کمانے کی خواہش رکھتی ہے اور ان گلوکاروں میں تازہ اضافہ جواد احمد ہیں۔

’گوری کرت سنگھار۔۔‘ فیم اور سیاسی جماعت ’برابری پارٹی پاکستان‘ کے بانی جواد احمد نے ایک نہیں بلکہ تین، تین قد آور سیاسی شخصیات کو سیاسی چیلنج دینے کا اعلان کر ڈالا ہے۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جواد احمد کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے خلاف تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

جواد احمد نے دعویٰ کیا کہ یہ تینوں سیاست دان ایک جیسے ہیں جنہیں ان کے بقول نہ ان کو عوام کا خیال ہے اور نہ ہی یہ عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن پیسوں کے زور پر لڑا جاتا ہے اور پاکستان میں صرف کروڑ پتی افراد الیکشن لڑتے ہیں۔

جواد احمد نے امید ظاہر کی کہ عوام ناانصافی کے نظام کے خلاف ان کا ساتھ دیں گے اور نظام کی تبدیلی کے لیے انہیں ووٹ دیں گے۔

جواد احمد نے جون 2017ء میں اپنی سیاسی جماعت 'برابری پارٹی' رجسٹرڈ کرائی تھی۔

جواد احمد سے قبل گلوکار ابرارالحق اور سلمان احمد بھی سیاسی میدان میں موجود ہیں۔ یہ دونوں سنگرز عمران خان کی جماعت 'پاکستان تحریکِ انصاف' سے وابستہ ہیں۔

ابرارالحق تو انتخابی سیاست کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2013ء میں نارووال سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا تھا جس میں انہیں مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ ابرارالحق آئندہ انتخاب بھی نارووال سے ہی لڑیں گے۔

بھارت میں امیتابھ بچن سے لے کر شتروگھن سنہا، ہیما مالنی، راج ببر تک بالی وڈ کے کئی بڑے نام سیاسی میدان میں سرگرم ہیں۔

میگا ہٹ ڈرامہ سیریل ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ میں ’تلسی‘ کا مقبول ترین کردار نبھانے والی سمرتی ایرانی بھی حکمران جماعت 'بھارتیہ جنتا پارٹی' کی رکن اور وزیر ہیں۔

XS
SM
MD
LG