رسائی کے لنکس

جوں ہی ممکن ہوا، سنوڈن روس سے چلا جائے گا: پیوٹن


’اُن کا پاسپورٹ منسوخ کرکے، سنوڈن کو روسی علاقے میں پھنسے رہنے کا ذمہ دار امریکہ ہے‘

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ امریکی خفیہ راز افشا کرنے والا روپوش شخص، ایڈورڈ سنوڈن موقع ملتے ہی ملک سے روانہ ہوجائے گا۔

مسٹر پیوٹن نے پیر کے دِن کہا کہ اُن کا پاسپورٹ منسوخ کرکے، سنوڈن کو روسی علاقے میں پھنسے رہنے کا ذمہ دار امریکہ ہے۔

پیوٹن کے بقول، وہ ہماری سرزمین پر بغیر دعوت کے آیا، ہم نے اُنھیں آنے کے لیے نہیں کہا۔ اور وہ ہماری طرف نہیں آرہے تھے، وہ کسی دوسرے ملک جانے کے لیے جہاز میں یہاں پہنچے۔ لیکن، جب وہ فضائی پرواز پر تھے، یہ معلوم ہوا کہ ہمارے امریکی پارٹنرز نے، دراصل، اُن کے مزید سفر کو روک دیا ہے۔ اُنھوں نے ہی دوسرے ممالک کو خوف زدہ کیا‘۔

سنوڈن کو بولیویا، نکاراگئا اور وینزویلا کی طرف سے سیاسی پناہ کی پیش کش ہو چکی ہے۔

لیکن، وہ تین ہفتوں سے ماسکو کے شیریمے توف ہوائی اڈے کے ٹرانزٹ زون میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ وہ پرواز جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے، کیونکہ اُن کے پاس سفر کے کاغذات نہیں‘۔


امریکی حکومت نے اُن پر امریکہ کے قومی سلامتی کے ادارے کے خفیہ پروگراموں کے بارے میں سیغہٴراز کی نوعیت کی معلومات افشا کرنےکا الزام لگایا ہے، اور امریکہ اِس بات کا خواہاں ہے کہ ملک واپس آکر وہ مقدمے کا سامنا کریں۔

جمعے کے روز سنوڈن نے ہوائی اڈے پر حقوق ِانسانی کے سرگرم کارکنوں سے ملاقات میں کہا کہ لاطینی امریکہ کی طرف سفر کرنے سے قبل، وہ روس میں عارضی سیاسی پناہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روسی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ اُنھیں اُن کی طرف سے ابھی تک ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
XS
SM
MD
LG