رسائی کے لنکس

صومالیہ: قانون ساز دست و گربیان، ایوان مچھلی بازار بن گیا


صومالیہ: قانون ساز دست و گربیان، ایوان مچھلی بازار بن گیا
صومالیہ: قانون ساز دست و گربیان، ایوان مچھلی بازار بن گیا

صومالیہ کی پارلیمنٹ میں بدھ کے روز قانون سازوں نے ایک دوسرے پر مکوں اور گھونسوں سے حملہ کردیا۔ جب کہ ایک روز قبل ارکان پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے اسپیکر شریف حسن شیخ عدن کی برطرفی کے لیے ووٹ دیے تھے۔

لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب شیخ عدن کے مخالف قانون سازوں نے ان کی جگہ ایک ایسے شخص کو لانے کی کوشش کی ، جواس وقت اٹلی میں ہیں۔ جب کہ اسپیکر کے حامیوں نے اس پر اعتراضات اٹھائے اور پھر کچھ ہی دیر کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کو لاتوں اور مکوں سے مارنا شروع کردیا۔

ایک عینی شاہد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ لڑائی کے دوران دو قانون ساز وں کو معمولی زخم آئے۔

صومالیہ کی عبوری حکومت اقتدار کی اندرونی رسہ کشی میں پھنسی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس جنگ زدہ ملک میں استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہاہے۔

اقتدار کی اندرونی رسہ کشی کا منظر منگل کے روزاس وقت دیکھنے میں آیا جب 550 ارکان پر مشتمل پارلیمنٹ میں سے 280 نے اسپیکر کی برطرفی کے حق میں ووٹ دیا۔

قانون سازوں کو شکایت تھی کہ اسپیکر نے صومالیہ کاسیاسی مستقبل اور نئی آئین کی تیاری سمیت کئی اہم مسائل پر بحث کی اجازت دینے سے انکار کردیاتھا۔

اسپیکر کے حامیوں کا کہناہے کہ مخالفین نے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا اور یہ کہ عدن اب بھی بدستور اسپیکر کے عہدے پر فائز ہیں۔

XS
SM
MD
LG