رسائی کے لنکس

صومالیہ : جنگ زدہ علاقوں کے لیے ادویات کی فراہمی


صومالیہ : جنگ زدہ علاقوں کے لیے ادویات کی فراہمی
صومالیہ : جنگ زدہ علاقوں کے لیے ادویات کی فراہمی

بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی نے کہاہے کہ اس نے جنوبی صومالیہ کے ان تین شہروں میں ہنگامی صورت حال میں درکار ادویات کی کھیپ روانہ کی ہے جہاں کینیا کے فوجی دستے عسکریت پسند گروپ الشباب سے لڑائیوں میں مصروف ہیں۔

آئی سی آر سی نے جمعے کے روز کہا کہ اس نے جنگ کے علاقے میں دونوں جانب اشد ضرورت کی ادویات بھیج دی ہیں ۔

ریڈکراس نے کسمائیومیں واقع ایک اسپتال میں آپریشن کے سلسلے میں درکار ایک ٹن سامان بھیجا ہے ۔ یہ شہر الشباب کا مضبوط گڑھ ہے۔

ادارے نے صومالیہ کے دو سرحدی قصبوں افمادو اور دودلی میں بھی تین تین سو کلوگرام طبی سامان روانہ کیا ہے۔

بین الاقوامی ریڈکراس کا کہناہے کہ جھڑپوں کی حالیہ لہر کے نتیجے میں ایک سو سے زیادہ عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ علاقے میں شدید خطرے کے باعث ضرورت مند افراد کی ایک بڑی تعداد تک طبی مدد نہیں پہنچ رہی۔

امدادی ادارے نے جنگ میں مصروف تمام گروپوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین پر عمل کریں اور عام شہریوں اور زخمیوں کو گزند پہنچانے سے باز رہیں۔

کینیا اکتوبر سے صومالیہ کے بعض علاقوں میں الشباب کے خلاف فضائی حملے اور زمینی کارروائیاں کررہاہے۔ اس کا کہناہے کہ الشباب کینیا سے غیر ملکی افراد کے اغوا کے واقعات میں ملوث ہے۔ جب کہ الشباب اس الزام سے انکار کرتاہے۔

XS
SM
MD
LG