صومالی حکومت اور کینیا کی فوج نے الشباب شدت پسندوں سےافمادو نامی قصبے کا قبضہ خالی کرالیا ہے، اور اس طرح یہ لڑائی اب جنوبی صومالیہ کے علاقے میں باغیوں کے سب سے بڑے گڑھ کے قرب و جوار تک پہنچ گئی ہے۔
صومالیہ کے فوجی ترجمان محمد فرح نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا کہ جمعرات کی فتح سےقبل ا فواج نے چار روز تک علاقے کا محاصرہ کیے رکھا۔
ترجمان کے مطابق آج قصبے کے کچھ علاقے پر گولہ باری کی گئی، تاہم قصبے میں مزید لڑائی نہیں ہوئی۔ اُن کے بقول، اِس وقت قصبے میں جشن کا سماں ہے اور فوج کو خوش آمدید کہا جارہا ہے۔
افمادو ، شمال مغرب میں کسمایو سے تقریباً 100کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جو صومالیہ کے نشیبی علاقے میں الشباب کے عسکریت پسندوں کا بہت ہی کلیدی گڑھ ہے۔ اگست 2008ء سے علاقے پر الشباب سختی سے قابض ہے۔
ایک ہفتے سےکم مدت کے اندر اندر القاعدہ سے منسلک اِس گروپ کو دوسری بڑی شکست ہوئی ہے۔
پیر کو افریقی یونین اور صومالی فورسز نے باغیوں کو افگوئے کی گزرگاہ سے اکھاڑ باہر کیا، جو موغادیشو کے مغرب میں تقریباً 30کلومیٹرکے فاصلے پر واقع ہے۔