صومالیہ کی مذہبی باغی تنظیم الشّباب کا کہنا ہے کہ ایک اور مذہبی ملیشیا حزب الاسلام کے تین ارکان اُس کے عہدے داروں کو ہدف بنانے کے مقصد سے کوئى بم رکھ رہے تھےکہ اتفاق سے وہ بم پھٹ گیا اور وہ تینوں ہلاک ہوگئے۔
مقدیشو کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے گذشتہ رات کوئى بلند دھماکا سُنا تھا۔ الشّباب کے عہدے دارو ں نے پیر کے روز صحافیوں کو تین لاشیں دکھائى ہیں، جن بارے میں اُن کا کہنا ہے وہ اُن تین آدمیوں کی لاشیں ہیں جو بکرا مارکیٹ میں سڑک کے کنارے بم رکھ رہے تھے۔اس علاقے پر الشّباب کا کنٹرول ہے۔
حزب الاسلام کے لیڈروں نے اس واقعے پر کوئى تبصرہ نہیں کیا۔ یہ دونوں کٹّر مذہبی گروپ کچھ عرصہ پہلے صومالیہ کی حکومت کے خلاف متحد ہوگئے تھے لیکن اتوار کے روز حزب الاسلام کے ایک عہدے دار نے اعلان کیا تھا کہ اتحاد ختم ہوگیا ہے۔
یہ دونوں گروپ اور اُن کے اتحادی اس سے پہلے بھی صومالیہ میں کئى علاقوں پر کنٹرول کے لیے آپس میں لڑتے رہے ہیں اور خاص طور پر بندرگاہ کے شہر کِس مایو پر قبضے کے لیے ان میں شدید لڑائى ہوئى تھی۔
اسی دوران مقدیشو سے مزید لوگوں نے الشّباب اور حزب الاسلام کے درمیان متوقع لڑائى سے بچنے کے لیے شہر سے نکلنا شروع کردیا۔