رسائی کے لنکس

صومالیہ میں برطانوی سفیر کی تعیناتی


صومالیہ میں برطانوی سفیر کی تعیناتی
صومالیہ میں برطانوی سفیر کی تعیناتی

برطانیہ نے دو عشروں سے زیادہ عرصے کے بعد جنگ زدہ ملک صومالیہ میں اپنا پہلا سفیر تعینات کردیا ہے۔

یہ اعلان جمعرات کے روز برطانیہ کے وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے قرن افریقہ کے اس ملک کے تاریخی دور کے موقع پر سامنے آیا ہے۔

میٹ باگ ، صومالیہ کے لیے برطانیہ کے ایک سینیئر سفارت کار کے طورپر خدمات سرانجام دیں گے۔ لیکن برطانوی عہدے داروں کا کہناہے کہ صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو میں سفارت خانے کے قیام کے لیے حالات سازگار ہونے تک ان کا دفتر ہمسایہ ملک کینیا میں کام کرے گا۔

ہیگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سفیر کی تعیناتی اس جانب اشارہ ہے کہ برطانیہ صومالیہ کے ساتھ طویل مدتی تعلقات کے عہدسے وابستہ ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ کا صومالیہ کا دورہ اس ماہ کے آخر میں لندن میں ہونے والی اس کانفرنس سے قبل ہورہاہے جس میں صومالیہ میں برسوں سے جاری عدم استحکام کی صورت حال کے خاتمے کے لیے جامع اقدامات پر سوچ بچار کی جائے گی۔

صومالیہ میں برطانیہ کے آخری سفیر تقریباً 21 سال ملک کی آخری مستحکم حکومت گرنے کے بعد پیدا ہونے والی افراتفری اور عدم استحکام کے باعث وہاں سے چلے گئے تھے۔

ہیگ گذشتہ 20 سال کے عرصے میں صومالیہ کا دورہ کرنے والے برطانیہ کے پہلے اعلیٰ حکومتی عہدے دار ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بن کی مون نے بھی گذشتہ سال دسمبر میں صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو کا دورہ کیاتھا جس میں انہوں نے لگ بھگ 17 برس کے بعد اپنا پولیٹکل آفش کینیا سے موگادیشو منتقل کرنے کا اعلان کیاتھا۔

XS
SM
MD
LG