صومالیہ میں عینی شاہدوں کا کہناہے کہ دارالحکومت موگادیشو میں ایک ڈورن طیارہ ، بے گھر افراد کے لیے قائم کیے جانے والے کیمپ میں گر کر تباہ ہوگیا۔
وائس آف امریکہ کے صومالی سروس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بغیر پائلٹ کا ڈورن جہاز جمعے کے روز بدبادو کیمپ کے اندر ایک چھوٹے گھر پر گر گیا۔ اس حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
کیمپ کے رہائشیوں کا کہناہے کہ افریقی یونین کی امن فوج کے اہل کار موقع پر پہنچے اور طیارے کا ملبہ اٹھا کر لے گئے۔
اس بارے میں فوری طورپر کچھ نہیں بتایا گیا کہ ڈورن طیارے کا تعلق کس ملک سے تھا۔
صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند تنظیم الشباب پر حملوں یا ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے امریکہ ڈورن استعمال کرچکاہے۔
شمالی اور وسطی صومالیہ کا ایک بڑا حصہ الشباب کے کنٹرول میں ہے۔