پینٹاگان نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے منگل کے روز صومالیہ میں ایک ڈرون حملہ کیا، جس کا ہدف الشباب شدت پسند گروہ کا ایک چوٹی کا سرغنہ تھا۔
محکمہٴدفاع کے پریس سکریٹری، ریئر ایڈمرل جان کِربی نے ہفتے کے روز بتایا کہ ہیل فائر میزائل سے کیا گیا یہ حملہ دارالحکومت موغادیشوکے جنوب میں کیا گیا۔ حملے میں اِس شدت پسند گروپ کے انٹیلی جینس اور سکیورٹی سے متعلق بیرونی کارروائیوں کے سربراہ، یوسف دھیق کو نشانہ بنایا گیا۔
کِربی نے کہا ہے کہ میزائل حملے میں ہلاک شدگان کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
تاہم، اُنھوں نے کہا کہ کامیابی کی صورت میں، یہ اس دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہوگا۔
گذشتہ چند ماہ سے، امریکہ نے حملوں کا ایک سلسلہ جاری کر رکھا ہے، جس کا ہدف الشباب کی لیڈرشپ ہے۔
دسمبر میں، پینٹاگان نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ امریکی ڈرون حملے میں دہشت گرد گروپ کے انٹیلی جنس کے سربراہ، تاہلیل عبدی شکور ہلاک ہوا۔
گروپ کے ایک سابق سرغنے، احمد عبدی گودانی کو یکم ستمبر کو صومالیہ میں امریکی فضائی حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔