صومالیہ کے صدر ٕمحمد عبدالحیی فارماجو نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو تباہ کن صورت حال کا سامنا ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب قرن افریقہ کے ملکوں کو شديد خشک سالی اور خوراک کا بحران درپیش ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق صومالیہ میں جنم لینے والے بحران سے 62 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے جو ملک کی نصف آبادی سے زیادہ تعداد ہے۔
ملک کے مشرقی حصوں میں خشک سالی کی صورت حال زیادہ سنگین ہے۔
پچھلے سال سے بارشیں نہ ہونے اور خشک سالی مسلسل جاری رہنے سے اجناس کی پیداوار اور مویشیوں کی تعداد میں تیزی سے کمی ہوئی ہے۔
گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے خبردار کیا تھا کہ صومالیہ کو ایک بہت بڑی تباہی سے بچانے کے لیے ہمارے پاس اب صرف دو مہینے کا وقت رہ گیا ہے۔
منگل کے روز موغادیشو میں خشک سالی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے صومالیہ کے صدر فارماجو نے بین الاقوامی کمیونٹی اور صومالي امدادی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنے وہ ہنگامی امداد کے پروگراموں کی سطح میں اضافہ کریں۔