رسائی کے لنکس

صومالیہ: امریکی فضائی حملے میں الشباب کے 35 دہشت گرد ہلاک


الشباب کے عسکریت پسند موغادیشو میں گشت کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو
الشباب کے عسکریت پسند موغادیشو میں گشت کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

پنٹاگان نے پیر کے روز کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں سے وسطی صومالیہ میں دہشت گرد گروپ الشباب کے 35 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ حملہ اتوار کے روز ھیران ریجن میں اس وقت کیا گیا جب جنگجو ایک دیہاتی علاقے میں مختلف جگہوں سے آ کر اکھٹے ہو رہے تھے۔

افریقہ میں امریکی کمان کے ایک بیان کے مطابق الشباب کے خلاف امریکی فضائی حملے اس سال کے آغاز میں شروع کیے گئے ہیں کیونکہ دہشت گرد صومالیہ کے اندر اپنے محفوظ ٹھکانے بنا رہے تھے۔

موغا دیشو شہر کے اندر الشباب کے عسکریت پسند بدستور حملے کر رہے ہیں اور صومالیہ کے جنوبی حصے کا ایک بڑا علاقہ ان کے کنٹرول میں ہے۔

پیر کی صبح صومالیہ کے عہدے داروں نے بتایا تھا کہ الشباب کے مسلح افراد نے موغادیشو کے مضافات میں 9 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

علاقائی گورنر محمد ابراہیم بر نے وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 6 عورتیں اور 3 مرد شامل ہیں جب کہ دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

گورنر نے بتایا کہ موغا دیشو کے مغربی مضافاتی علاقے لافور میں ہلاک ہونے والے افراد سٹرک کی صفائی کر رہے تھے کہ اچانک دہشت گرد نمودار ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی۔

انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند نہیں چاہتے کہ لوگ گلیوں کی صفائی کریں کیونکہ وہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں اور درختوں کو دھماکہ خیز مواد چھپانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG