سال 2016ء مدتوں بعد ایسا سال ثابت ہوا جب نسبتاً زیادہ پاکستان فلمیں بنیں اور ریلیز ہوئیں۔ نئے سال کا جائزہ لیں تو رواں سال بھی دو درجن سے زائد فلمیں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔
ان فلموں کی ریلیز کے پیچھے نئے، پرانے اور منجھے ہوئے تمام ایکٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر شامل ہیں مثلاً سنگیتا، سید نور، شان، یاسر نواز، ہمایوں سعید، سہیل خان، جاوید شیخ، ندیم اور معمر رانا۔ سب کی یہی کوشش ہے کہ پاکستان میں سنیما کی مکمل طور پر بحالی ممکن ہوسکے۔
پرانے فنکاروں کے ساتھ ساتھ بہت سے نئے چہرے میں اس سال آپ کو سلور اسکرین پر نظر آئیں گے۔
اس سال ریلیز ہونے والی کچھ فلمیں ریلیز کے لئے تیار ہیں، جبکہ کچھ آخری مراحل میں ہیں۔ زیادہ تر فلمیں کراچی اور اس کے بعد لاہور میں زیر تکمیل ہیں۔
آئیے نئے سال کے دوران آنے والی کچھ نئی فلموں کی تفصیلات پر ایک نظر ڈالیں:
یلغار
سلور اسکرین اسٹار شان کی فلم ’یلغار‘ کا لوگ اسی وقت سے بے صبری سے انتظار کررہے ہیں جبکہ ان کی میگا ہٹ فلم ’وار‘ ریلیز ہوئی تھی۔ اب لگتا ہے سال 2017ء میں یہ ریلیز ہوہی جائے گی ۔ یہ بڑے بجٹ اور بڑی کاسٹ کی فلم ہے۔
ارتھ ٹو
یہ بھی شان ہی کی فلم ہے۔ اس سال ان کی اور بھی کئی نئی فلمیں ریلیز ہوں گی۔ ناصرف بطور ایکٹر بلکہ ڈائریکٹر بھی۔ جیسے ’ارتھ ٹو‘۔ ’ارتھ‘ نام سے ہی ایک فلم بھارت میں برسوں پہلے ریلیز ہوئی تھی۔ نئی فلم کو ’ارتھ ٹو‘ کا سیکوئل بھی کہہ سکتے ہیں۔
راستہ
ساحر لودھی ٹی وی اسکرین کا جانا پہچانا نام ہے۔ اب آپ انہیں سلور اسکرین کی زینت بنتے دیکھیں گے فلم ’راستہ‘ کے ذریعے ۔’راستہ‘ اگلے ماہ ریلیز ہو رہی ہے۔ ساحر کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ ایک نیا چہرہ عبیر رضوی، ثنا فخر، صائمہ اظہر، سلیم معراج، شمعون عباسی، نوید رضا، عرفان موتی والا اور سینئر ایکٹر شکیل۔
شورشرابہ
اس فلم کو بھارتی ہدایت کار حسنین حیدرآبادی نے ڈائریکٹ کیا ہےجبکہ پروڈیوسر سہیل خان ہیں۔ فن کاروں میں شامل ہیں رابی پیرزادہ، میرا، مصطفیٰ قریشی اور بہار بیگم۔
وجود
کراچی کے سینئر صحافی اختر علی اختر نے وی او اے کو بتایا کہ فلم ’وجود‘ کے ذریعے جاوید جیسے منجھے ہوئے فنکار ایک مرتبہ پھر پروڈکشن شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ان کی پروڈکشن میں بنی آخری فلم 10سال پہلے ریلیز ہوئی تھی۔ بقول اختر جاوید رواں سال پانچ فلمیں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
میں پنجاب نہیں جائوں گی
اس فلم کے بھی ریلیز سے پہلے ہی کافی چرچے ہیں۔ اسے ہمایوں سعید لیکر آ رہے ہیں۔ فلم رواں سال عیدالفطر پر ریلیز ہوگی۔ فلم مہوش حیات ان کی ہیروئن کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے بعدیہ دونوں کی ایک ساتھ دوسری فلم ہوگی۔
ہندی میڈیم
ٹی وی کی مقبول ایکٹریس صبا قمر اس سال بھارتی فلموں کے نامور اداکارہ عرفان خان کے ساتھ فلم’ ہندی میڈیم‘ میں جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔ فلم 31 مارچ کو ریلیز ہوگی۔
رئیس
رواں سال جس فلم کا بھارت، پاکستان اور دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی ہندی اور اردو فلمیں دیکھی جاتی ہیں وہاں مائرہ خان کی فلم ’رئیس‘ کا سب کو انتظار ہے۔ اگرچہ یہ بالی ووڈ کی فلم ہے، لیکن پاکستانی ایکٹریس اور فلم کی ہیروئن مائرہ خان کے سبب ’رئیس‘ کا پاکستانی فلم بین بھی بڑی شدت سے منتظر ہیں جبکہ دوسری وجہ بھارتی کنگ خان، شاہ رخ خان بھی ہیں۔ بڑے بجٹ اور بڑے اداکاروں سے سجی یہ فلم 25 جنوری کو دنیا بھر میں ریلیز کی جارہی ہے۔
کچھ اور فلمیں ۔۔۔
علاوہ ازیں، جو دیگر فلمیں اس سال ریلیز ہوں گی ان میں ڈائریکٹر سنگیتا کی ’تم ہی تو ہو‘، معمر رانا کی ’سکندر‘، سید نور کی تین فلمیں ’چین آئے نہ‘، ’بھائی وانٹڈ‘ اور ’پرائیڈ آف آنر‘ ، یاسر نواز کی ’مہرالنسا آئی لب یو‘، ذوالفقار شیخ کی ’قدرت‘ احسن خان کی ’چھپن چھپائی‘، سائرہ شہروز کی ’چلے تھے ساتھ‘ ، رافع راشدی کی ’تھوڑا جی لے‘ شفقت چیمہ کی ’جیو سر اٹھا کے‘ شامل ہیں۔
نئے نام ، نئے چہرے، نئی فلمیں اور نیا سال
اس سال جو نئے نام فلموں سے جڑیں گے ان میں شامل ہیں ٹی وی ایکٹر دانش تیمور ، قرۃ العین، عبیرہ رضوی، حیا سہگل، شہروز سبزواری، سحرش خان، عادل مراد اور نیلم منیر۔