رسائی کے لنکس

سیلفی لینے کی کوشش میں سونو نگم سے بدتمیزی، شیو سینا رہنما کے بیٹے پر مقدمہ درج


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے شہر ممبئی میں نامور گلوکار سونو نگم پر ایک کنسرٹ کے دوران شیو سینا کے رہنما کے بیٹے اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے مبینہ حملے اور بدتمیزی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پیر کی شب ممبئی کے علاقے چیمبور میں ایک کنسرٹ کے دوران اس وقت صورتِ حال کشیدہ ہو گئی تھی جب کچھ فینز نے گلوکار کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار سونو نگم جب اسٹیج سے اتر رہے ہیں تو کچھ افراد ان کی جانب بڑھتے ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ سیلفی لینے کے خواہش مند تھے۔

کانسرٹ کے دوران اس وقت بدمزگی پیدا ہوئی جب سونونگم کے ساتھ موجود ان کے عملے کا ایک فرد اسٹیج کی سیڑھیوں سے نیچے گر کر زخمی ہوا جب کہ اس دوران دھکم پیل کی وجہ سے گلوکار کی حفاظت پر مامور اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

اخبار ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق سونو نگم نے کانسرٹ کے دوران پیش آئے واقعے کے خلاف چیمبور تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا ہے جب کہ پولیس نے سواپنیل پرکاش نامی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کی ہے۔

سواپنیل پرکاش ریاست مہاراشٹرا اسمبلی کے رکن اور شیو سینا کے رہنما پرکاش پھترپیکر کے بیٹے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق اس واقعے کے حوالے سے شیو سینا کے رہنما پرکاش پھترپیکر کا کہنا ہے کہ کنسرٹ کے بعد سونو نگم اسٹیج سے اتر رہے تھے جب کچھ افراد اسٹیج کی جانب بڑھے۔ وہ گلوکار کے ساتھ سیلفی لینا چاہتے تھے۔

ان کے مطابق اس دوران حفاظت پر مامور افراد نے ان لوگوں کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کی، البتہ سونو نگم کے عملے میں موجود ایک فرد کو غلطی سے دھکا لگا۔ اس کے علاوہ کچھ نہیں ہوا۔

سواپنیل پرکاش پھترپیکر کی بہن سوپرادا نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہاہے کہ ان کے بھائی سواپنیل سونونگم کے ساتھ سیلفی لینا چاہتے تھے۔


انہوں نے سونونگم اور ان کی ٹیم سے اس واقعے پر معذرت بھی کیا ہے۔

دوسری جانب سونو نگم کے عملے کے افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ پرکاش پتھرپیکر کے بیٹے سواپنیل پرکاش پھترپیکر نے سونو نگم کی مینیجر سائرہ مکانی سے بدتمیزی کی تھی اور ان کو فوری طور پر اسٹیج خالی کرنے کے لیے کہا تھا۔

مقامی تھانے میں معاملے کی درخواست دینے کے بعد سونونگم کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ جب اسٹیج سے اتر رہے تھے کچھ لوگ ان کے ساتھ سیلفی لینا چاہتے تھے اسی دوران یہ سارا معاملہ ہوا۔

سونونگم کے عملے کے مطابق جس وقت گلوکار اسٹیج سے اتر رہے تھے اسی وقت شیوسینا کے رہنما کے بیٹے نے ایک باڈی گارڈ ہری کو دھکا دیا جب کہ اس کے بعد گلوکار کو بھی دھکے دیے گئے۔

واضح رہے کہ چیمبور فیسٹیول کے آخری روز یہ کنسرٹ رکھا گیا تھا جس میں سونونگم کو بھی فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔

بھارت میں چار روز تک جاری رہنے والا یہ ثقافتی میلہ ہر سال منعقد ہوتا ہے جس میں فن کار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG