رسائی کے لنکس

منڈیلا کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب


ان کے خاندان کے ترجمان تھمبا منٹانزیما کا کہنا ہے کہ خاندان کا ایک ستون چل بسا ہے۔ اسی طرح جیسے کہ وہ اپنے 27 سالہ تکلیف دہ قید میں ہم سے دور تھا۔ لیکن ہمارے دلوں میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔

جنوبی افریقہ کے عوام نسل پرستی کے خلاف آواز بلند کرنے والے اپنے آنجہانی رہنما نیلسن منڈیلا کے لیے اتوار کو مختلف عبادات اور مخصوص مقامات پر قومی دعائیہ تقریبات میں شرکت کررہے ہیں جو کہ سابق صدر سے متعلق ان لوگوں کو پائے جانے والے احترم کی عکاسی ہے۔

95 سالہ مسٹر منڈیلا طویل علالت کے بعد جمعرات کو انتقال کر گئے تھے۔

ان کے خاندان کے ترجمان تھمبا منٹانزیما نے ہفتے کو کہا کہ گزشتہ کچھ روز آسان نا تھے۔ ’’خاندان کا ایک ستون چل بسا ہے۔ اسی طرح جیسے کہ وہ اپنے 27 سالہ تکلیف دہ قید میں ہم سے دور تھا۔ لیکن وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ رہے گا۔‘‘

ہزاروں کی تعداد میں سوگوار مسٹر منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرنے جنوبی افریقہ کے مختلف مقامات پر اکٹھے ہوئے۔ ہفتے کو ان کے آبائی شہر سوویٹو میں ایک بڑا مجمہ دیکھنے میں آیا جہاں لوگ ہاتھوں میں تصاویر تھامے روایتی انداز میں ناچ اور گا رہے تھے۔

منتظمین 15 دسمبر کو ان کے آبائی گاؤں کیونو میں منڈیلا کی آخری رسومات میں 9 ہزار کے قریب افراد کی شرکت کی توقع کررہے ہیں۔ اس سے پہلے منگل کو جوہانسبرگ میں ایک فٹ بال گراؤنڈ میں سرکاری طور پر ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

تدفین سے پہلے ان کے جسد خاکی کو پریٹوریا میں یونین بلڈنگ میں رکھا جائے گا اور اس دوران پورے جنوبی افریقہ میں خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر کی آخری رسومات میں بڑی تعداد میں عالمی رہنماؤں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما خاتون اول کے ساتھ منگل کو جوہانسبرگ جارہے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے وائٹ ہاؤس کے حوالے سے صدر اوباما کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا ہے کہ ان کے دورے اور اس میں شامل افراد کے بارے میں تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
XS
SM
MD
LG