بنگلہ دیش میں منعقدہ جنوبی ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغا جیتنے والی جن خواتین کو ہاتھوں ہاتھ لیا جا رہا ہے اور ان کے لیے انعامات و اعزازات کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں ان کھیلوں میں سونے کا تمغا جیتنے والے کشتی، سکواش اور جوڈو کے کھلاڑیوں نے ناقدری کا شدید گلہ کیا ہے۔
ان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انھیں بھی یکساں طور انعام و اکرام سے نوازا جائے۔ حالیہ جنوبی ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغا جیتنے والے پہلوانوں نے ہفتے کے روز ایک بیان دیتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر ان کی پذیرائی نہ کی گئی تو وہ آئندہ کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کریں گے۔
دوسری طرف جوڈو، ووشو، باکسنگ اور سکواش کھلاڑیوں نے بھی نظر انداز کیے جانے پر احتجاج کیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے جنوبی ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغا جیتنے والی پاکستانی ایتھلیٹوں نسیم حمید اور سارہ ناصر کو ایوانِ صدر میں بلا کر انھیں دس لاکھ روپے نقد انعام دیا تھا۔ اس کے علاوہ انھوں نے ان دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کی کھیلوں کی سفیر مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔