رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا اپنے دفاع کو مزید فروغ دے گا: صدر پارک


منگل کو صدر پارک گیون ہئی نے ایک دہائی کے دوران ہونے والی ملک کی سب سے بڑی فوجی پریڈ کا معائنہ کیا۔

جنوبی کوریا کی صدر نے شمال کے خلاف اپنے ملک کے دفاع کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

منگل کو صدر پارک گیون ہئی نے ایک دہائی کے دوران ہونے والی ملک کی سب سے بڑی فوجی پریڈ کا معائنہ کیا۔

صدر پارک کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ وہ ’’شمالی کوریا کے خلاف مضبوط دفاع تیار کرے تاوقتیکہ شمال اپنے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار نہیں ہوتا اور جزیرہ نما کوریا میں امن اور اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے درست فیصلہ نہیں کرتا۔‘‘

دارالحکومت سیول میں یوم مسلح افواج کے موقع پر ہونے والی پریڈ میں 11 ہزار فوجیوں کے علاوہ 120 طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

پریڈ میں مقامی سطح پر تیار کیا جانے والا ہینمو۔تھری کروز میزائل بھی پہلی بار پیش کیا گیا۔ یہ میزائل ایک ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

منگل کو ہونے والی اس پریڈ کے موقع پر امریکہ کے وزیر دفاع چک ہیگل بھی شریک تھے جو کہ ان دونوں جنوبی کوریا کے چار روزہ دورہ پر ہیں۔

مسٹر ہیگل نے ایک روز قبل جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کم کوان جن کے ہمراہ شمال اور جنوب کے درمیان غیر فوجی علاقے کا دورہ بھی کیا۔ انھوں نے صدر پارک سے بھی ملاقات کی ہے۔
XS
SM
MD
LG