رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے رہنما کے ٹخنے کا آپریشن ہوا: رپورٹ


کم جونگ اُن
کم جونگ اُن

انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق کم کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے انھیں ٹخنے کی یہ تکلیف دوبارہ ہو سکتی ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن رواں ماہ کے اوائل میں چھڑی کی سہارے سے کیوں چل رہے تھے؟ اس سوال کے جواب میں جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے یہ کہہ دیا ہے کہ کم کے ٹخنے کی سرجری ہوئی تھی۔

یہ بات سرکاری خبر رساں ایجنسی یونہاپ نے ایک خبر میں کہی ہے۔

چھ ہفتوں تک منظر عام سے کم جونگ اُن کے غائب رہنے کی وجہ سے ان کی صحت اور سیاست سے متعلق دنیا بھر میں شدید قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں۔

جنوبی کوریا میں حزب مخالف کے قانون ساز شن کیونگ من کے ایک ساتھی پارک بیونگ سیوک نے مطابق نیشنل انٹیلی جنس سروس نے قانون سازوں کو بتایا کہ ایک غیر ملکی ڈاکٹر شمالی کوریا آیا اور اس نے ستمبر یا اکتوبر میں کم کے ٹخنے کا آپریشن کیا اور رسولی نکالی۔

انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق کم کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے انھیں ٹخنے کی یہ تکلیف دوبارہ ہو سکتی ہے۔ پارک کے بقول قانون سازوں کو بتایا گیا کہ کم موٹاپے کا شکار ہیں اور بہت تمباکو نوشی کرتے ہیں۔

کم کو تین ستمبر کو موسیقی کے ایک پروگرام میں شریک دیکھا گیا تھا جس کے بعد 14 اکتوبر کو شمالی کوریا کے میڈیا میں ان کی چند تصاویر جاری کی گئیں جن میں وہ ایک چھڑی کے سہارے کھڑے تھے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ انٹیلی جنس ادارے نے یہ معلومات کس طرح حاصل کیں۔ شمالی کوریا سے متعلق یہ ایجنسی ماضی میں بھی کچھ مشکوک معلومات فراہم کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG