رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا کے صدر شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ملاقات کے لیے تیار


Korean Leaders
Korean Leaders

صدر مون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے بات چیت کیلئے ماحول کو سازگار بنانے میں مدد دی۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن سے سربراہ ملاقات کیلئے تیار ہیں۔ اُنہوں نے یہ بیان دونوں کوریاؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مزاکرات کے بعد دیا جس میں شمالی کوریا نے جنوبی کوریا میں ہونے والے سرمائی اولمپکس میں شرکت پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔

بدھ کے روز میڈیا کے نمائیندوں سے بات کرتے ہوئے جنوبی کوریا کے صدر مون نے کہا کہ وہ صحیح وقت پر کسی بھی سطح کی بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ اُنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے بات چیت کیلئے ماحول کو سازگار بنانے میں مدد دی۔ دونوں ملکوں کے وفود کی ملاقات جنوبی کوریا کے گاؤں پن مو ن جوم میں ہوئی۔

اس بات چیت میں شمالی کوریا کی طرف سے جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے اولمپک کھیلوں میں شرکت پر آمادگی کے علاوہ سول اور پیونگ ینگ کے درمیان فوجی ہاٹ لائن قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ توقع ہے کہ غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی سطح پر مزاکرات بھی جلد منعقد ہوں گے۔

امریکہ کا کہنا تھا کہ دوطرفہ بات چیت ایک مثبت پیش رفت ہے تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپک کھیلوں میں شمالی کوریا کی شرکت سے وہ پابندیاں متاثر نہیں ہوں گی جو شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے عائد کی جا چکی ہیں۔

واشنگٹن میں قائم کوریا اکنامک انسٹی ٹیوٹ کے محقق ٹروئے سٹین گیرون نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ دونوں کوریاؤں کے تعلقات میں بہتری مثبت تبدیلی ہے۔ تاہم اس بارے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اُدھر ٹوکیو میں جاپان فورم فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے سینئر فیلو گرانٹ نیوشیم نے بھی شمالی کوریا کے ممکنہ ارادوں کے حوالے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ شمالی کوریا کا اصل مقصد شمالی کوریا کی اپنی شرائط پر دونوں کوریاؤں کو متحد کرنا ہے۔

نیوز کانفرنس میں جنوبی کوریا کے صدر مون نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں دونوں کوریاؤں کے درمیان ہونے والی بات محض پہلا لیکن اہم قدم تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگلا قدم شمالی کوریا کو اُس کے جوہری پروگرام کے حوالے سے مزاکرات کی میز پر لانا ہو گا جو نہایت اہم ہے۔

XS
SM
MD
LG