رسائی کے لنکس

لٹل ماسٹر سچن ٹیسٹ کرکٹ میں 15 ہزار رنزبنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے


لٹل ماسٹر سچن ٹیسٹ کرکٹ میں 15 ہزار رنزبنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
لٹل ماسٹر سچن ٹیسٹ کرکٹ میں 15 ہزار رنزبنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

بھارت کے شہرہ آفاق بلے باز سچن ٹندولکرنے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے اور وہ اس طرز کی کرکٹ میں 15 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھارت کی دوسری اننگ میں سچن ٹنڈولکر نے یہ معرکہ اس وقت انجام دیا جب ان کا انفرادی سکور 28 پر پہنچا ۔ اس طرح وہ کرکٹ کی تاریخ میں ٹیسٹ میچوں میں 15 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پاکستان کے خلاف 1989ء میں ٹیسٹ کیریر کا آغاز کرنے والے سچن ٹندولکر کے لیے دہلی ٹیسٹ ان کے کیریر کا 189واں میچ ہے اور300 ویں اننگ ہے جس میں انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ سچن اپنے ٹیسٹ کیریر میں 51 سنچریاں اور 61 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ وہ صرف ٹیسٹ کرکٹ میں 15 ہزار کا ہندسہ عبور کرنے والے پہلے بلے بازہی نہیں بلکہ سنچریوں کی تعداد کے اعتبار سے بھی وہ دنیا میں سب سے آگے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں 51 اور ون ڈے کرکٹ میں 48 سنچریوں کے ساتھ وہ 99 باربڑی اننگ کھیل چکے ہیں اور انہیں سنچریوں کی سنچری کے لیے صرف ایک سینکڑے کی ضرورت ہے۔

ہر بار جب وہ میدان میں اترتے ہیں تو شائقین کرکٹ کا جوش وخروش دیدنی ہوتا ہے۔ وہ ماسٹر بلے باز سے تاریخی اننگ کی توقع رکھتے ہیں۔

سچن ٹندولکر ون ڈے کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ 18 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ ان کے انٹرنیشنل رنوں کی مجموعی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔ یہ بات باعث تعجب ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وہ آج تک صرف ایک میچ میں بھارت کی نمائندگی کر سکے ہیں جس میں انہوں نے 10 رنز بنائے حالانکہ انڈین پریمیر لیگ میں وہ سیزن کے بہترین بلے باز بھی رہ چکے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھارت ہی کے راہول ڈریوڈ 158 میچوں میں 12859 رنوں کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 154 میچوں میں 12487 کے ساتھ تیسرے، ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی برائن لارا نے 11953 رنز بنا رکھے ہیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے جیکس کیلس کو 13 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 53 رنوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے جاوید میانداد اور انضمام الحق اس فہرست میں بالترتیب 13ویں اور14ویں نمبر پر ہیں۔

سچن ٹندولکر ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے واحدکھلاڑی ہیں۔ مبصریں کرکٹ کے بقول سچن جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتےہیں اور بلاشبہ وہ کرکٹ میں ایسے ریکارڈ چھوڑ کر جائیں گے جن کو عبور کرنا آنے والے کرکٹروں کے لیے اگر ناممکن نہں تو مشکل ضرور ہو گا۔

XS
SM
MD
LG