اتوارکوشارجہ میں کھیلے جانے والےسیریز کےچوتھےایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم نے سری لنکا کودلچسپ مقابلے کے بعد 26 رنز سے ہرادیا اور سیریز میں تین ایک سے فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.3 اوورز میں 200 رنز بنائےاورتمام ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن سری لنکن باؤلرز کی شاندارکارکردگی کی بدولت اُس کےابتدائی بلے باز جم کرنہ کھیل سکےاورایک مرحلےپرصرف 75 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے پانچ کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔
اِس مرحلے پر شاہد آفریدی نےعمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کواس مشکل سےنکالنےمیں کامیاب ہوئے۔انہوں نے سعید اجمل کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائےجو بےحد مفید ثابت ہوئے۔ آفریدی نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے65 گیندوں پر75رنز بنائے۔ محمد حفیظ نے 27 اور سعید اجمل نے 20 رنزسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو نے اپنے دس اوورز میں 26 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مینڈس اور پرسنا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی ٹیم نے بظاہر آسان ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں کیا اور ابتدائی تین وکٹیں 53 کے مجموعی سکور پر گرنے کے بعد ان فارم وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے درمیان 102 رنز کی شراکت نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
تاہم، اس موقع پر شاہد آفریدی نے سنگاکارا کو58 کے انفرادی سکور پر پہلے کلین بولڈ کردیا اور پھر یکے بعد دیگرے پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ 55 رنزبنانے والے جے وردھنے بھی شاہد آفریدی کا شکار بنے۔ انہیں آل راونڈ کارکردگی پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔سعید اجمل اور اعزاز چیمہ نے دو دو جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کے کپتان تلکا رتنے دلشان اس شکست کو مایوس کن بیٹگ پرفارمنس کا نتیجہ قرار دیا۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تین ایک سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے ۔ سیریز کا آخری میچ 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ادھر جونانسبرگ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف کھیل کے آخری روز جیتے کے لیے 168 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔
جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگ میں 266 رنزبنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 30 رنز کی برتری حا صل کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگ میں 296 رنز بنائے۔
ہاشم آملہ کی سنچری کی بدولت پروٹیز نے اپنی دوسری اننگ میں 339 رنز بنائے۔ جواب میں کینگروز کے 142 پر تین کھلاڑی آوٹ ہو چکے ہیں۔ سینیر کھلاڑی اور سابق کپتان رکی پونٹنگ 54 رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ 65 رنز بنا کر جنوبی افریقی کی ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد عمران طاہر کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
کرکٹ کےمیدان سےایک افسوسناک خبر۔ برطانیہ کےسابق آل راونڈر باسل ڈی اول ویرا، اعصابی امراض کے سبب 80 سال کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے باسل نے برطانیہ کے لیے 44 ٹیسٹ میچوں میں 40 کی اوسط سے 2484 رنز سکور کیے جبکہ ان کے باولنگ میں انہوں نے 47 وکٹیں حاصل کیں۔