رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: سری لنکا کی نو وکٹوں سے فتح


مبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ بھارت کو راس نہ آیا اور اس کی پوری ٹیم 34 اوورز میں محض 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان بھارت کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1 – 1 سے برابر کردی ہے۔

منگل کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اسے راس نہ آیا۔ پوری بھارتی ٹیم 34 اوورز میں محض 138 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے گوتم گمبھیر قابلِ ذکر کاکردگی دکھانے والے واحد بلے باز رہے جنہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے۔مہمان ٹیم کے دیگر سات کھلاڑیوں کا اسکور دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پریرا نے 19 رن اور اینجلو میتھیوز نے 14 رن دے کر تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لسیتھ ملنگا نے دو جب کہ ہیراتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً میزبان ٹیم نے 139 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 5ء19 اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔

سری لنکن اوپنرز اپل تھارنگا اور تلکا رتنے دلشان نے پہلی وکٹ میں 119 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔ دلشان 49 گیندوں پر 50 رن بنا کر آؤ ٹ ہوئے۔ اسپنر ایشون کی گیند پر کپتان دھونی نے وکٹوں کے پیچھے ان کا کیچ لیا۔

تھارنگا نے 8 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ چندی مل چھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے پریرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے 21 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سیریز کا تیسرا میچ ہفتے کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG