سری لنکا میں بڑے پیمانے پر آنے والے سیلابوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
سری لنکا کے عہدے داروں نے کہاہے کہ ہفتے کے روز مزید لاشیں ملنےکے بعد ہلاکتوں کی تعداد کم ازکم 37 ہوگئی ہے۔ درجنوں افراد ابھی تک لاپتا ہیں۔
سری لنکا اور اقوام متحدہ کے عہدے دار زندہ بچ جانے والوں کے بارے میں بھی اپنے خدشات ظاہر کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ رہنے کے خراب حالات اور پینے کے صاف پانی کی کمیابی سے وبائیں پھیل سکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کے عہدے داروں کا کہناہے کہ وہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کے سلسلے میں آنے والے دنوں میں عالمی برداری سے عطیات کی اپیل کرسکتے ہیں۔
ایک ہفتے تک جاری رہنے والی مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلابوں سے تقریباً چارلاکھ افراد کو اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ۔
جمعے کے روز امدادی سامان سے لدے ہوئے ٹرک ملک کے سیلاب سے متاثرہ مشرقی علاقوں میں پہنچے۔
سری لنکا کی فوج امدادی کارروائیوں میں امدادی اداروں کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ متاثرہ افراد کو پینے کا پانی، پانی صاف کرنے کی ٹکیاں، بستر اور ضروریات کی دیگر اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔
سیلابوں سے کٹائی کے لیے تیار چاولوں کی فصل کو بھی نقصان پہنچاہے جس پر زیادہ ترمقامی آبادی کی گذربسر ہوتی ہے۔