سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو سکیورٹی وفد بھجوانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
پی سی بی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد اگست میں پاکستان آئے گا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز اکتوبر میں شیڈول ہے جس کے لیے سری لنکن سکیورٹی وفد کی پاکستان آمد کے بارے میں حتمی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ تین مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔
عالمی ٹیموں کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم اپنی ہوم سیریز بھی متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلنے پر مجبور تھی۔
چھ سال تک پاکستان پر عالمی کرکٹ کے بند دروازے اُس وقت کھلے جب مئی 2015 میں زمبابوے نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اُس دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے جس کے بعد آہستہ آہستہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹرز اور کرکٹ ٹیمیں آنا شروع ہوئیں۔
پی سی بی نے 2017 میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا انعقاد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کیا اور اسی سال جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
پی سی بی نے 2018 میں پاکستان سپر لیگ کے تین میچز کا انعقاد پاکستان میں کیا، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دو ایلی منیٹر اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میچ کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔