رسائی کے لنکس

سری نگر: نواز شریف کی معزولی، کشمیری مبصرین اور سیاسی قائدین کی آراٴ


کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق (فائل)
کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق (فائل)

کشمیر کے سرکردہ مذہبی اور سیاسی راہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ: "یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں پاکستان میں سیاسی استحکام قائم رہے۔ اس فیصلے سے پاکستان کا سیاسی منظر نامہ بدل سکتا ہے ۔۔۔۔ ‘‘

پاکستان سپریم کورٹ کے پانچ رُکنی بینچ کی طرف سے وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو متفقہ طور پر نااہل قرار دیئے جانے اور پھر اُن کے عہدے سے مستفی ہوجانے پر نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر میں مِلا جُلا ردِ عمل ہوا ہے۔

عدالتی فیصلے کی خبر ذرائع ابلاغ کے ذریعے شورش زدہ علاقے میں پہنچتے ہی کئی لوگوں نے سوشل میڈیا کا رخ کرکے اپنے خیالات، تاثرات اور آراء کا کھل کر اظہار کرنا شروع کیا۔ بیشتر نے پاکستان کی عدلیہ کی تعریف کی اور کہا کہ یہ آزاد اور بے باک ہے اور عہدوں، طاقت اور رسائی کی پرواہ کئے بغیر ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لئے دلیرانہ فیصلے سُناتی آئی ہے۔

بعض نے ان کا تقابلہ بھارت کی عدلیہ سے کرنے کو کوشش کی اور شکایتی انداز میں کہا کی بھارت میں عدالتوں نے بارہا حکومتوں کے دباؤ میں آکر مقدمات پر فیصلے سُنائے ہیں۔ کئی ایک نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی بعض اہم شخصیات کے نام بھی پانامہ دستاویزات میں آئے تھے، لیکن حکومت اور عدلیہ نے اسے نظرانداز کر دیا، یہاں تک کہ ان میں سے کم سے کم دو کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

چند ایک کی یہ رائے تھی کہ نواز شریف نے جھوٹ کا سہارا لیا تھا اور ایک ایسے ملک میں جسے، ان کے بقول، اسلام اور مسلمانوں کے نام پر قائم کیا گیا ہو ایسے شخص کو وزیرِ اعظم بنے رہنے کا کوئی حق نہیں تھا۔

اگرچہ بھارت نواز کشمیری جماعتوں اور لیڈروں کی طرف سے پاکستان سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے اور نواز شریف کی معزولی پر تاحال کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا، استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والے قائدین کا کہنا ہے کہ اس سے کشمیر کے مسئلے پر کوئی منفی یا مثبت اثر نہیں پڑے گا۔

کشمیر کے سرکردہ مذہبی اور سیاسی راہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا: "یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں پاکستان میں سیاسی استحکام قائم رہے۔ اس فیصلے سے پاکستان کا سیاسی منظر نامہ بدل سکتا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہاں کون نئی حکومت بناتا ہے۔ لیکن، جہاں تک کشمیر کا تعلق ہے اس پر پاکستان کا ایک اصولی مؤقف ہے اور یہ ملک کی متواتر قومی پالیسی کا حصہ ہے"۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کی بھی کم و بیش یہی رائے تھی۔ کشمیر سنٹرل یونیورسٹی میں شعبہ قانون کے سربراہ پروفیسر شیخ شوکت حسین نے کہا کہ: "پاکستان کے بارے میں یہ کہا جاتا رہا ہے کہ وہاں کے ادارے مضبوط نہیں ہیں۔ لیکن یہ بات ایک بار پھر ثابت ہوگئی ہے کی وہاں کے قومی ادارے باالخصوص عدلیہ خاصے مضبوط اور مستحکم ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا: "پاکستان کی کشمیر، چین اور نیو کلیائی امورات پرناقابلِ تحریف پالیسیاں رہی ہیں۔ ان میں حکومتوں کی تبدیلی سے کوئی اثر پڑا ہے اور نہ پڑے گا"۔

تاہم، فیس بُک استعمال کرنے والے ایک کشمیری نے لکھا: "نواز شریف کی کابینہ میں ایسے گیارہ وزیر شامل تھے جو کشمیری نژاد ہیں جیسے خود نواز شریف اور وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار۔ اس لئے عدالتی فیصلہ کشمیریوں کے لئے کوئی اچھی خبر نہیں"۔

  • 16x9 Image

    یوسف جمیل

    یوسف جمیل 2002 میں وائس آف امریکہ سے وابستہ ہونے سے قبل بھارت میں بی بی سی اور کئی دوسرے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نامہ نگار کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ انہیں ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں اب تک تقریباً 20 مقامی، قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے جن میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی طرف سے 1996 میں دیا گیا انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG