رسائی کے لنکس

امریکی باکس آفس پر ایک بار پھر ’اسٹار وارز‘ کی حکمرانی


” اسٹار وارز دا فورس اویکنز“ نے اوپننگ ویک اینڈ پر امریکا اور کینیڈا میں 238 ملین ڈالرز کا بزنس کیا جبکہ دنیا بھر میں فلم کی کمائی 517 ملین ڈالر رہی

ہالی وڈ کی تاریخ کی ٹرینڈ سیٹر فلموں میں سے ایک ’اسٹار وار سیریز‘کا جادو کئی عشرے کے بعد بھی قائم ہے۔۔اس کا ثبوت ہے اسٹار وار سیریز کی نئی فلم ”اسٹار وارز دا فورس اویکنز“ جس نے امریکی اور کینیڈین باکس آفس پر دھوم مچادی۔

اسٹار وار کے ساتویں حصے کو دیکھنے کے لئے سینما گھروں کے باہر شائقین کی طویل قطاریں نظر آئیں۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے والٹ ڈزنی کمپنی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ”اسٹار وارز دا فورس اویکنز“ نے اوپننگ ویک اینڈ پر امریکا اور کینیڈا میں 238 ملین ڈالرز کا بزنس کیا، جبکہ دنیا بھر میں فلم کی کمائی 517 ملین ڈالرز رہی۔

اینی میٹیڈ فلم ”ایلوِن اینڈ دی چپ منکس سیریز“ کی چوتھی فلم ’ایلوِن اینڈ دی چپ منکس۔دی روڈ چپ“ بھی شائقین کو بہت بھائی۔ فلم میں ایلون اور اس کے ساتھیوں کو یہ غلط فہمی ہوجاتی ہے کہ ان کے دوست انسان ڈیو کی شادی ہونے والی ہے اور بس جناب وہ نکل پڑتے ہیں روڈ ٹرپ پر شادی کی شاپنگ کے لئے اور یہیں سے دلچسپ واقعات کا آغاز ہوتا ہے۔

کامک فلم”سسٹرز“باکس آفس پر تیسرے نمبر پر رہی۔ فلم کی کہانی دو بہنوں کے گرد گھومتی ہے جنہیں جب اس بات کا پتا چلتا ہے کہ ان کے والدین ان کا آبائی گھر فروخت کر رہے ہیں تو وہ ایک شاندار الوداعی پارٹی منعقد کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

کئی ہفتوں تک باکس آفس پر راج کرنے والی فلم ”ہنگر گیمز موکنگ جے پارٹ ٹو“ رواں ہفتے باکس آفس پر چوتھے نمبر پر آگئی، جبکہ ’کریڈ‘ کو پانچواں نمبر ملا۔

XS
SM
MD
LG