رسائی کے لنکس

پاکستانی محصورین کی باضابطہ آبادکاری کے لیے ڈھاکہ کارپوریشن کا بڑا منصوبہ


ڈھاکہ کے مہاجر کیمپ
ڈھاکہ کے مہاجر کیمپ

ڈھاکہ میونسپل کارپوریشن نے محمدپور میں 45کثیر منزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایاہے

بنگلہ دیش کی حکومت نے ڈھاکہ کے مختلف مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر محصورپاکستانیوں کی باضابطہ آبادکاری کا فیصلہ کیا ہے، اور اِس کے لیے ڈھاکہ میونسپل کارپوریشن نے محمدپور میں 45کثیر منزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

بدھ کے دِن لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقیاتی کی وزارتوں کے دفتر میں یہ منصوبہ پیش کیا گیا۔

منصوبے کے تحت محمدپور کے جنیوا کیمپ میں مقیم تقریباً 38000لوگوں کو اِن عمارتوں میں رہائش فراہم کی جائے گی۔

یہ عمارتیں جنیوا کیمپ اور ٹاؤن ہال کے علاقے میں واقع چھ مہاجر کیمپوں کی تقریبا 15ایکڑ اراضی پر تعمیر کی جائیں گی۔ بدھ کو ہونے والے اِس اجلاس میں لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقیاتی امور کے وزیر سید اشرف الاسلام اور اُن کے نائب وزیر جہانگیر قدیر نانک نے ڈھاکہ سٹی کارپوریشن کے حکام کو منصوبے پر جلد از جلد عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔

ڈھاکہ سٹی کارپوریشن اِس پورے پراجیکٹ پر 1260کروڑ ٹکا خرچ کرکے 45پندرہ منزلہ عمارتیں تعمیر کرے گا۔ ہر فلور پر نو فلیٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ ہر فلیٹ میں دو بیڈروم، ایک باتھ روم، ایک ڈائننگ روم ، ایک کچن اور ایک بالکنی ہوگی۔

ہر عمارت میں دو لفٹ اور دو زینے ہوں گے۔ گراؤنڈ فلور پر تعلیمی درسگاہیں، مساجد اور دوکانیں بنائی جائیں گی۔

تقریباً ڈھائی لاکھ پاکستانی محصورین گذشتہ 39سالوں سے ڈھاکہ اور اُس کے نواح میں مختلف مہاجر کیمپوں میں نہایت کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG