رسائی کے لنکس

نیپال میں 7.8 شدت کا زلزلہ، 1300 سے زائد افراد ہلاک


امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ یہ شدت 7.9 تھی۔ زلزلے کا مرکز دارالحکومت کٹھمنڈو سے 80 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا

نیپال میں ہفتہ کو آنے والے طاقتور زلزلے سے 1300 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں، جب کہ کٹھمنڈو میں بعض عمارتوں کے منہدم ہونے سے سینکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ یہ شدت 7.9 تھی۔

زلزلے کا مرکز دارالحکومت کٹھمنڈو سے 80 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔

وسطی کٹھمنڈو میں درجنوں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جو دیواریں اور چھتیں گرنے سے زخمی ہوئے۔

ذرائع ابلاغ پر عمارتوں اور سڑکوں میں پڑنے والی دراڑوں کے علاوہ دیگر نقصانات کی تصاویر دکھائی جا رہی ہیں اور جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل، ہفتے کی صبح نیپال میں حکام نے ہلاکتوں کی تعداد 876 بتائی تھی۔ ادھر بھارت میں 34، جب کہ بھوٹان، تبت اور چین کے سرحدی علاقوں سے بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، نیپال اور بھارت اور پاکستان کے ہمسایہ ملکوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

نیپال میں سرکاری ریڈیو پر اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ لوگ عمارتوں سے دور رہیں کیونکہ زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکوں کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کٹھمنڈو کا ہوائی اڈہ پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے بھارت کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ لوگ خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

بھارت کی ریاست بہار میں زلزلے کے باعث کم ازکم 20 افراد کی ہلاکت اور 35 کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ نیپال میں 1934 کے بعد آنے والے یہ سب سے شدید ترین زلزلہ ہے۔

XS
SM
MD
LG