سوڈان کی حکومت نےعلاقے میں سات سالہ تنازعے کے خاتمے کے لیے کیے گئے ایک وعدے کے ایک حصے کے طور پر دارفرکے سب سے طاقتور باغی گروپ کے ساتھ ایک عارضی فائر بندی پر دستخط کر دیے ہیں ۔
سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر نے باغی گروپ جسٹس اینڈ ایکوالٹی موومنٹ کے ساتھ منگل کی رات قطر میں اس فائر بندی پر دستخط کیے ۔
یہ عارضی صلح سوڈان اور چاڈ کی جانب سے سرحدی علاقے کے ساتھ ساتھ دشمنیاں ختم کرنے کے ایک حالیہ عہد کا حصہ ہے ۔ وہ دونوں ایک دوسرے پر اپنے اپنے ملکوٕ ں میں باغیوں کی پشت پناہی کا الزام عائد کر چکے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت سوڈان باغیوں کو حکومت میں عہدے دینے ، ان کے خلاف موت کی سزائیں منسوخ کرنے اور جیل میں موجود باغیوں میں سے 30 فیصد کی رہائی پر رضامند ہو گیا ہے ۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اس فائر بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دار فر میں امن کے کسی معاہدے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔
دارفر کے تنازع میں تین لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور تقریباً 27لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں