اٹلی کی حکومت کے ایک عہدیدار کے مطابق سوڈان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون مریم یحیی ابراہیم اٹلی پہنچ گئی ہے۔
اُن کے ہمراہ اٹلی کے نائب وزیر خارجہ لاپو پستیلی بھی تھے۔
مریم نے اسلام ترک کر کے عیسائیت قبول کی تھی، جس پر سوڈان کی عدالت نے رواں برس اس 27 سالہ خاتون کو موت کی سزا سنائی تھی۔
اُنھیں جون میں اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امریکہ روانگی کے لیے جہاز پر سوار ہونے والی تھیں۔ سوڈان کی پولیس کا الزام تھا کہ وہ جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنا چاہ رہی تھیں۔
گرفتاری کے تین دن بعد اُنھیں رہا کر دیا گیا جس کے بعد اُنھوں نے اپنے شوہر اور دو بچوں کے ساتھ امریکہ سفارت خانے میں پناہ لی۔
مریم نے سوڈانی نژاد امریکہ شہری سے شادی کر رکھی ہے۔
مریم کے والد مسلمان اور ماں عیسائی تھی تاہم والد کے چھوڑ جانے کے بعد مریم کی پرورش بحیثیت ایک عیسائی کے ہی ہوئی۔
باوجود سوڈان کے قانون کے مسلمان باپ کی اولاد مسلمان ہی پہچانی جاتی ہے، مریم کے بقول وہ کبھی مسلمان نا تھی۔
خرطوم کی ایک عدالت کی طرف سے دی جانے والی موت کی سزا پر بین الاقوامی سطح پر مغربی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تنقید کی تھی۔