رسائی کے لنکس

افغانستان: خود کش حملے میں تین غیر ملکی فوجی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان میں 'نیٹو' مشن کے مطابق خود کش حملہ اس وقت کیا گیا جب نیٹو کے فوجی اہلکار افغان فوجیوں کے ہمراہ پیدل گشت پر تھے۔

افغانستان کے مشرقی صوبے پروان میں ایک خود کش حملے میں 'نیٹو' کے تین فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

افغانستان میں 'نیٹو' مشن کے مطابق خود کش حملہ اس وقت کیا گیا جب نیٹو کے فوجی اہلکار افغان فوجیوں کے ہمراہ پیدل گشت پر تھے۔

'نیٹو' کے بیان کے مطابق حملے میں ایک امریکی اور دو افغان فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لیکن بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں کا تعلق کس ملک سے تھا ۔

صوبہ پروان کے گورنر کی ترجمان واحدہ شاہکار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ چاریکار شہر میں صبح چھ بجے کے قریب کیا گیا۔ چاریکار کابل سے 60 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔

افغانستان میں 'نیٹو' افواج نے اپنا فوجی مشن 2014ء میں ختم کردیا تھا جس کے بعداتحاد میں شامل ملکوں نے وہاں تعینات اپنے بیشتر فوجی دستے واپس بلالیے تھے۔

لیکن اب بھی افغانستان میں نیٹو ممالک کے 16 ہزار فوجی اہلکار موجود ہیں جن کی ذمہ داریوں میں افغان فوج کی تربیت اورانسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ان کی معاونت شامل ہیں۔

گو کہ افغانستان سے بیشتر نیٹو فوجیوں کے انخلا کے بعد سے وہاں غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکتوں میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن اب بھی وقتاً فوقتاً نیٹو اہلکار حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG