رسائی کے لنکس

یمن میں ایرانی سفیر کے گھر پر خودکش کار بم حملہ، تین ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں یمنی اور ایرانی سکیورٹی گارڈز شامل ہیں۔ یمن کی فوج کے اہلکار اور طبی عملہ دھماکے کے مقام پر پہنچے اور ہلاک و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

یمن میں ایرانی سفیر کے گھر کے باہر خودکش کار بم دھماکے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی بدھ کو یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایرانی سفیر کے گھر سے ٹکرا دی۔

خبررساں ادارے ’رائیٹرز‘ نے عینی شاہدین کے حوالے سے کہا کہ دھماکے سے عمارت کی دیوار میں ایک بڑا شگاف بن گیا اور ملبہ اُڑتا ہوا سڑک کی دوسری جانب آ گرا۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں یمنی اور ایرانی سکیورٹی گارڈز شامل ہیں۔ یمن کی فوج کے اہلکار اور طبی عملہ دھماکے کے مقام پر پہنچے اور ہلاک و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ دھماکے کے وقت ایرانی سفیر اپنی رہائش گاہ پر تھے یا نہیں۔

ایران کے قریب سمجھے جانے والے شیعہ مسلمانوں نے ستمبر میں دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد ملک میں حوثی گروپ اور یمن میں القاعدہ کی مقامی شاخ کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہوا تھا۔

اس سے قبل بھی یمن میں ایرانی سفارت کاروں پر حملے ہو چکے ہیں۔ رائیٹرز کے مطابق ایک ایرانی سفارت کار کو اب بھی مشتبہ جنگجوؤں نے یرغمال بنا رکھا ہے جب کہ ایک سفارت کار کو رواں سال اُس وقت ہلاک کیا گیا جب اُنھوں نے اپنے اغوا کی کوشش کے دوران مزاحمت کی۔

XS
SM
MD
LG