رسائی کے لنکس

شام: باغیوں کے حملے میں 8 فوجی ہلاک


شام: باغیوں کے حملے میں 8 فوجی ہلاک
شام: باغیوں کے حملے میں 8 فوجی ہلاک

شام میں مسلح افراد کے ایک حملے میں آٹھ فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

شام میں انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والے برطانوی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق بدھ کو کیے گئے حملے میں مبینہ طور پر سرکاری فوج سے بغاوت کرنے والے سپاہی ملوث تھے۔

تنظیم کے دعویٰ کے مطابق حملہ آوروں نے حمص کے قریبی گائوں العشرنہ کے نزدیک سے گزرنے والے ایک فوجی قافلے پر گھات لگاکر حملہ کیا۔

حملے سے چند گھنٹے قبل شامی سیکیورٹی افواج نے ایک نزدیکی گائوں 'خطاب' کے قریب ایک مسافر گاڑی پر فائرنگ کرکے پانچ افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

ہلاکتوں کے تازہ واقعات ملک میں پرتشدد کاروائیوں میں اچانک اضافے کے ایک روز بعد پیش آئے ہیں۔

اس سے قبل تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ شام کے صدر بشار الاسد کی حامی سیکیورٹی افواج نے منگل کو ملک میں کی گئی کاروائیوں کے دوران 24 افراد کو قتل کردیا تھا۔

تنظیم کے مطابق بیشتر ہلاکتیں صوبہ اِدلب میں ہوئیں جہاں فوجی دستوں نے ایک چھاپہ مار کاروائی کے دوران 11 شہریوں کو ہلاک کیا۔

تنظیم کے دعویٰ کے مطابق مذکورہ کاروائی کے بعد باغی فوجیوں کے ایک گروہ نے علاقے میں گشت کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے ایک دستے پر گھات لگا کر حملہ کردیا جس میں سات سیکیورٹی اہلکار مارے گئے۔

منگل کو اِدلب میں پیش آئے ایک اور واقعے میں سیکیورٹی اہلکاروں نے گزشتہ روز ہلاک ہونے والے افراد کے جنازوں کے شرکاء پر فائرنگ کردی تھی جس میں مزید آٹھ شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

دریں اثنا صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف جاری سول نافرمانی کی تحریک کے سلسلے میں کی گئی عام ہڑتال شام کے کئی علاقوں میں منگل کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہی۔

XS
SM
MD
LG