رسائی کے لنکس

شام: حولہ پر سیکیورٹی فورسز کے حملے میں چار افراد ہلاک


شام کی فورسز نے جمعرات کو وسطی علاقے کے شہر حولہ پر گولہ باری کی جہاں گذشتہ ہفتے ایک بڑی فوجی کارروائی میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک کردیے گئےتھے ۔

شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی تنظیم کے سربراہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جمعرات کو رات بھر جاری رہنے والی گولہ باری کی زد میں آکر تین افراد ہلاک ہوگئے جب کہ بعد ازاں ایک 14 سالہ لڑکا چھپ کی چلائی جانے والی گولی کا نشانہ بن کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

ایک باغی کمانڈر نے کہاہے کہ اگر سرکاری فورسز نے جمعے تک اپنے حملے بند نہ کیے تو وہ فائربندی کے معاہدے سےالگ ہوجائیں گے۔

شام کے انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہاہے کہ حکومت کے وفادار فوجیوں نے حولہ چھوڑ کر جانے والے لوگوں پر گولے برسائے اور مشین گنوں سے فائرنگ کی، جو اسی طرح کا واقعہ ہے جس کے نتیجے میں اسی شہر میں ایک سو افراد قتل ہوئے اور عالمی پیمانے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔

دمشق میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر کی ترجمان سوزین گوشہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حمص میں تعنیات اقوام متحدہ کے معائنہ کار ، اس نئے حملے سے متعلق خبروں کی تصدیق کے لیے حولہ جارہے ہیں۔

انٹرنیٹ پر جمعرات کو شائع ہونے والے ایک بیان میں ’ باغی فوجی کرنل قاسم صادین نے بین الاقوامی سفارت کار کوفی عنان سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے شام کے صدر بشارالاسد کو مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی دوپہر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

باغی کمانڈر نے کہاہے کہ اگر صدربشارالاسد فائربندی کے معاہدے پر عمل درآمد میں ناکام رہے تو وہ بھی کوفی عنان کے امن معاہدے کی پابندی سے آزاد ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG