رسائی کے لنکس

شام: حلب میں بم دھماکہ، تین افراد ہلاک


برطانیہ میں قائم شام کی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق یہ دھماکہ، جس میں تین ہلاک اور تقریباً 25 زخمی ہوئے، سیکیورٹی کی ایک عمارت کے قریب، کار میں نصب بم کے پھٹنے کے نتیجے میں ہوا

شام کے دارالحکومت دمشق میں اس کار بم دھماکے کے ایک روز بعد جس میں 27 لوگ ہلاک اور100 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے، ملک کے دوسرے سب سے بڑےشہر حلب میں ایک بم دھماکہ ہوا ۔

شام کےسرکاری خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ اتوار کے روز حلب میں یہ دھماکہ دو رہائشی عمارات کے درمیان ہوا ۔

ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ ان دہشت گردوں کی کارروائی تھا جن پر شام کی حکومت صدر بشار الاسد کے خلاف ایک سال سے جاری شورش کا الزام عائد کرتی ہے

برطانیہ میں قائم شام کی انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ دھماکے میں تین لوگ ہلاک اور تقریباً 25 زخمی ہوئے ۔

تنظیم کا کہناہے کہ یہ دھماکہ سیکیورٹی کی ایک عمارت کے قریب ایک کار میں نصب بم کے پھٹنے کے نتیجے میں ہوا۔

غیر جانبدار ذرائع سے اس دھماکے کی تفصیلات کی تصدیق نہیں ہو سکی ۔

دمشق میں ہفتے کے روز پولیس سیکیورٹی کی ایک عمارت اور ایک انٹیلی جنس سینٹر کے قریب دو کار بم دھماکے چند منٹ کے وقفے سے ہوئے تھے ۔

شام کی حکومت اور حزب اختلاف کی تنظیموں نے ان بم دھماکوں کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG