رسائی کے لنکس

شام: ہوائی اڈے پر قبضے کے لیے باغیوں، فوج میں لڑائی


باغیوں نے ہوائی اڈے پر قبضے کے لیے جمعے کی صبح حملہ کیا تھا تاہم اس بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں کہ آیا وہ ایئر بیس پر قابض ہوگئے ہیں یا نہیں۔

شام میں حکومت مخالف باغیوں اور سرکاری فوجی دستوں کے مابین ملک کے سب سے گنجان شہر حلب کے نزدیک واقع ایک ہوائی اڈے پر قبضے کے لیے شدید لڑائی ہوئی ہے۔

حکومت مخالفین کے مطابق باغیوں نے ہوائی اڈے پر قبضے کے لیے جمعے کی صبح حملہ کیا تھا تاہم اس بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں کہ آیا وہ ایئر بیس پر قابض ہوگئے ہیں یا نہیں۔

شام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق باغیوں اور سرکاری افواج کے مابین ملک کے کئی اور علاقوں میں بھی جھڑپیں جاری ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی حزبِ اختلاف سے منسلک تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق شام کے صوبے دارعا میں ایک فوجی چیک پوسٹ پر باغیوں کے حملے میں 14 فوجی اہلکار اور چھ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ ادلب، دیر الزور اور حلب کے صوبوں میں بھی کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئی ہیں جب کہ سرکاری افواج نے باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں پر فضائی بمباری کی ہے۔

شامی حزبِ اختلاف کے دعووں کے مطابق جمعرات کو شام میں ہونے والی لڑائی میں 260 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب میں 86 عام شہری، 60 باغی، شامی افواج سے بغاوت کرنے والے 13 فوجی اہلکار اور حکومتی فورسز کے 92 سپاہی شامل تھے۔
XS
SM
MD
LG