عینی شاہدین اور حزب مخالف کے کارکنان نے شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان شدید لڑائی کی اطلاع دی ہے۔
عینی شاہدین نے بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو بتایا کہ وہ المزة کے علاقے میں شدید فائرنگ اور راکٹ پھٹنے کی آوازیں سن رہے ہیں۔ المزة دمشق کے نواح میں واقع سخت حفاظتی حصار والا علاقہ ہے جہاں سرکاری سکیورٹی فورسز کی تنصیبات موجود ہیں۔
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
اتوار کو شمالی شہر الیپو میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔
شام کے سرکاری ٹی وی نے اس کا الزام دہشت گردوں پر عائد کیا جب کہ حزب مخالف نے حکومت کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
اتوار ہی کو سکیورٹی فورسز نے دمشق میں ہونے والی ایک ریلی کو روکنے کی کوشش کی جو کہ حکومت مخالف احتجاج کا ایک سال مکمل ہونے کے لیے نکالی گئی تھی اور اس میں سینکڑوں افراد تھے۔ پولیس نے حزب اختلاف کے اہم رہنماؤں سمیت متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا۔