رسائی کے لنکس

شام سے متعلق ’معاہدے کے قریب ہیں‘


امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ شام میں صورت حال میں ابتری آئی ہے تاہم اُن کا کہنا تھا کہ دیر امن کے لیے روس اور امریکہ نئے معاہدے کے قریب ہیں۔

اُنھوں نے یہ بات جنیوا میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاورووف سے ملاقات کے بعد کہی۔ دونوں ملکوں کے وزارئے خارجہ نے شام میں داعش کو شکست دینے کے لیے فوجی تعاون اور معلومات کے تبادلے کے طریقوں پر بات چیت کی۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ فروری میں ایک معاہدے کے سبب شام میں رہنے کو فائدہ ہوا لیکن جب معاہدے کی خلاف ورزیاں شروع ہوئیں تو حاصل ہونے والے ثمرات ضائع ہو گئے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ اُنھوں نے اور سرگئی لاورووف نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ شام کے مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے۔

دریں اثنا حکومت کے ساتھ جمعرات کو طے پانے والے ایک سمجھوتے کے تحت شامی باغی اور اُن کے اہل خانہ نے طویل مدت سے محصور دمشق کے مضافات میں واقع داریا کا علاقہ خالی کرنا شروع کر دیا ہے۔

اس شہر کے محصورین کو آخری مرتبہ جون میں امدادی سامان فراہم کیا گیا تھا۔

داریا شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب واقع ہے اور ان اولین شہروں میں شامل ہے جہاں 2011ء میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف تحریک شروع ہوئی تھی۔

سمجھوتے کی شرائط کے مطابق تقریباً 700 مسلح افراد کو مخالفین کے زیر کنٹرول ادلب کے شمالی صوبے کی جانب گزرنے کی محفوظ راہ فراہم کی جائے گی جب کہ تقریباً 4000 شہریوں کو داریا کے جنوب میں واقع پناہ گاہ میں عارضی ٹھکانہ فراہم کیا جائے گا۔

اس سے قبل شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی استفان ڈی مستورا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دریہ سے لوگوں کے انخلا کے کام کو محفوظ بنایا جائے۔

XS
SM
MD
LG