شام میں سرکاری فوج نے حمص شہر میں بھاری گولہ باری کرکے کم از کم سات افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ منگل کو بابا امرو کے علاقے میں گولہ باری سے متاثر ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
شام میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی محدود رسائی کے باعث جانی نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہے۔
اس حملے سے ایک روز قبل شام کی فوج نے حمص شہر کے گرد کسی بھی ممکنہ ٹکراؤ سے نمٹنے کے لیے ٹینکوں اور دیگر فوجی ساز و سامان تعینات کر دیا تھا۔
شامی سکیورٹی فورسز دو ہفتوں سے حمص شہر پر بمباری کرتی چلی آرہی ہے۔ یہ شہر صدر بشار الاسد کے خلاف 11 ماہ قبل شروع ہونے والی تحریک کا گڑھ مانا جاتا ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ اب تک 6,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پیر کو ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا تھا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حمص شہر میں جنگ بندی کرانے کی کوشش کرے گی۔