رسائی کے لنکس

تحریک انصاف کا کراچی جلسہ ، ایک لاکھ افراد کے لئے انتظامات


تحریک انصاف کا کراچی جلسہ ، ایک لاکھ افراد کے لئے انتظامات
تحریک انصاف کا کراچی جلسہ ، ایک لاکھ افراد کے لئے انتظامات

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے25دسمبر کو ہونے والے جلسے کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے جلسہ منتظمین کی کوشش ہے کہ یہ جلسہ لاہورکے میناز پاکستان میں ہونے والے جلسے سے بھی بڑا اور اہم ثابت ہو۔ پارٹی کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی جگہ ایسی نہ بچے جہاں پارٹی بینر نہ لگا ہو۔ جلسے کے حوالے سے جو انتظامات کئے گئے ہیں ان کےمطابق جلسہ اتوار کی دوپہر ایک بجے شروع ہوگا ۔ جلسے کے اہم شرکاء میں سرفہرست پارٹی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے سربراہ نعیم الحق کے مطابق جلسے میں ملک بھر سے آئے ہوئے افراد کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی۔ مقامی اخبار ’ایکسپریس ٹریبیون‘ کے مطابق سندھ کے وزیر داخلہ منظور وسان پہلے ہی جلسے کےفول پروف انتظامات کے لئے پارٹی کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلاچکے ہیں۔ ادھر صوبائی وزیر اطلاعات شازیہ مری بھی عمران خان کے جلسے کو ہر طرح کا تعاون پیش کرنے کا یقین دلاچکی ہیں۔
پارٹی ذرائع کو توقع ہے کہ سیکورٹی کی غرض سے انہیں ایک ہزار سےدوہزار رضاکاروں کی مددحاصل ہوگی ۔ ان میں سے چار سو افراد ٹریفک کنٹرول کریں گے۔ یہ انتظامات پارٹی کی کراچی قیادت مکمل کررہی ہے ۔
نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پارٹی نے سیکورٹی سے متعلق امور کی انجام دہی کے لئے سیکورٹی ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ جلسے میں آنے والے ہر فرد کی تلاشی ہوگی۔
نعم الحق کے مطابق اس وقت دو سے تین ہزار پارٹی بینر شہر بھر میں آویزاں ہیں، جبکہ جلسہ شروع ہونے سے پہلے پہلے یہ تعداد بڑھ کر 8 ہزار ہوجائے گی۔ فی الوقت 80بل بورڈز جلسے کی تشہیر کی غرض سے زیر استعمال ہیں جبکہ مزید 125بل بورڈز استعمال میں لائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں، شہر بھر میں دو لاکھ پمفلیٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔
ترجمان کے مطابق 60ہزار افراد کے لئے بسوں کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ جلسہ گاہ میں چالیس ہزار کرسیاں رکھی جائیں گی۔ جلسہ گاہ میں خواتین اور صحافیوں کے بیٹھنے کے لئے بھی الگ سے انتظامات کئے جارہے ہیں، جبکہ مزید ساٹھ ہزار افراد کے بیٹھنے کے لئے چٹائیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ پارٹی کے ہمدردوں کو 50ہزار جھنڈے دیئے گئے ہیں ۔نیز جلسے سے کچھ دن پہلے 30سے 50کیمپ لگائے جائیں گے، جِن سے جلسے کی مزید تشہیر ممکن ہوسکے گی۔

XS
SM
MD
LG