ملالہ کا خواتین اور اقلیتوں کی حفاظت کے لیے تشویش کا اظہار
خواتین کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے حق کے لیے سرگرم نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے طالبان کے افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے پر خواتین اور اقلیتوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ملالہ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ افغانستان میں عام شہریوں اور مہاجرین کے تحفظ کے اقدامات کیے جائیں۔
ملالہ کا کہنا ہے کہ طالبان کا افغانستان کا کنٹرول سنبھالنا ان کے لیے پریشان کن ہے۔ خواتین، اقلیتوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے تحفظ کے بارے میں انہیں سخت تشویش ہے۔
ملالہ نے مزید کہا کہ عالمی، علاقائی اور مقامی قوتوں کو افغانستان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ انسانی ہمدردی کے تحت فوری امداد فراہم کرنی چاہیے اور مہاجرین اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
افغانستان کے معاملے پر پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کا دو گھنٹے طویل اجلاس
پاکستان میں قومی سلامتی کمیٹی کے افغانستان کے حوالے سے خصوصی اجلاس کے بعد وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں دو گھنٹے تک اجلاس جاری رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ جلد ہی اس حوالے سے پالیسی بیان بھی جاری کیا جائے گا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وفاقی وزرا کے ساتھ ساتھ آرمی چیف، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
کابل ایئر پورٹ پر ہلاکتوں کی اطلاعات
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والوں کا رش برقرار ہے جب کہ مبینہ طور پر پانچ افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایئرپورٹ پر موجود ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ۔ انہوں نے گاڑی میں پانچ افراد کی لاشیں دیکھی ہیں۔
ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ یہ واضح نہیں کہ ہلاک ہونے والے افراد کی موت کی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنا ہے یا وہ بھگدڑ میں ہلاک ہوئے۔
قبل ازیں ایئرپورٹ پر فائرنگ کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ امریکہ حکام کا کہنا تھا کہ فورسز نے ان لوگوں کو خوف زدہ کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی تھی جو زبردستی جہازوں میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ ایئرپورٹ کی سیکیورٹی امریکہ کی فورسز کے پاس ہے۔