'لاہور قلندرز' پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیموں میں عوامی سطح پر کافی مقبول فرنچائز ٹیم ہے۔ لیکن عوامی مقبولیت اور بڑے بڑے ملکی و غیرملکی کرکٹرز کی موجودگی کے باوجود وہ 'پی ایس ایل' میں بہت اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے۔
لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے تینوں سیزنز میں مجموعی طور پر 26 میچ کھیلے جن میں سے صرف 8 میں کامیابی حاصل کرسکی۔ ٹیم کو 18 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یوں اس کی جیت کا تناسب صرف 30 اعشاریہ 76 فی صد ہے۔
لاہور قلندرز کی سب سے مایوس کارکردگی پشاور زلمی کے مدِ مقابل رہی ہے۔ دونوں ٹیمیں چھ مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آچکی ہیں اور صرف ایک بار قلندرز کی ٹیم زلمی کو شکست دے سکی جب کہ پانچ میچوں میں ہار اُس کا مقدر بنی ہے۔
لاہور قلندرز کے موجودہ کپتان محمد حفیظ اور نائب کپتان فخر زمان ہیں جب کہ ٹیم کے کوچ سابق فاسٹ بالر عاقب جاوید ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں نامور مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مایہ ناز غیر ملکی کرکٹر بھی شامل ہیں۔ ان میں سب سے بڑا نام مسٹر 360 یعنی اے بی ڈیولیئرز کا ہے۔ ڈیولیئرز جس ٹیم کا حصہ ہوں اُسے حریف ٹیم پر ویسے ہی نفسیاتی برتری حاصل ہوجاتی ہے۔
محدود اوورز کی کرکٹ کے اعداد و شمار ڈیولیئرز کے کھیل میں یکتا ہونے کی گواہی دیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے جارح مزاج بیٹسمین 267 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 7187 رنز بناچکے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 133 رنز ناٹ آؤٹ ہے جب کہ اسٹرائیک ریٹ 149 اور اوسط 35 اعشاریہ 7 ہے۔
قلندرز کے دیگر بیٹسمینوں اور آل راؤنڈرز میں فخر زمان، حارث سہیل، محمد حفیظ، اینٹن ویوسیچ، کارلوس بریتھ ویٹ، کورے اینڈرسن، برینڈن ٹیلر، عمیر مسعود، گوہر علی، حارث رؤف، سہیل اختر، آغا سلمان، حسن خان اور محمد عمران شامل ہیں۔
اسپیشلسٹ بالرز کی شکل میں یاسر شاہ، شاہین آفریدی، راحت علی، سندیپ لامی چھان اور اعزاز چیمہ ٹیم کا حصہ ہیں۔
عمر اکمل لاہور قلندرز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین جب کہ یاسر شاہ ٹیم کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر ہیں۔
عمراکمل نے 138 اعشاریہ 3 کے اسٹرائیک ریٹ سے 556 رنز بنا رکھے ہیں۔ جن میں پانچ نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔ کسی بھی اننگز میں اُن کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 93 رنز ہے۔
لیگ اسپن کے جادوگر یاسر شاہ نے 20 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ انہوں نے 7 رنز کے عوض 4 شکار کرکے بہترین بالنگ پرفامنس دی جب کہ اُن کا اکانومی ریٹ 6 اعشاریہ 72 ہے۔
فاسٹ بالرز میں سہیل تنویر سب سے کامیاب بالر ہیں۔ اُنہوں نے پی ایس ایل 2017ء میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی اور سیزن کے آٹھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن، زمبابوے کے برینڈن ٹیلر اور ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ ایسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔