رسائی کے لنکس

بہترین ڈرامے کا ایمی ایوارڈ 'دی کراؤن' کے نام، 'ٹیڈ لاسو' بہترین کامیڈی ڈرامہ قرار


سب سے بہترین ڈرامے کی دوڑ میں مجموعی طور پر آٹھ ڈرامے شامل تھے جن میں دی کراؤن، لورکرافٹ کنٹری، پوز، دی بوائز، برڈجرٹن، دس از اس، دی ہینڈ میڈز ٹیل اور دی مینڈالورین ہیں۔
سب سے بہترین ڈرامے کی دوڑ میں مجموعی طور پر آٹھ ڈرامے شامل تھے جن میں دی کراؤن، لورکرافٹ کنٹری، پوز، دی بوائز، برڈجرٹن، دس از اس، دی ہینڈ میڈز ٹیل اور دی مینڈالورین ہیں۔

برطانوی ڈرامہ سیریز 'دی کراؤن' امریکی پرائم ٹائم ٹیلی ویژن پروگرامز کا سب سے بڑا اعزاز 'ایمی ایوارڈ' اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے جب کہ 'ٹیڈ لاسو' بہترین کامیڈی سیریز قرار پایا ہے۔

امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں اتوار کو 73 ویں ایمی ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بہترین ڈراموں اور فن کاروں کی مختلف کیٹیگریز میں فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

کرونا وائرس کے باعث محدود پیمانے پر منعقدہ اس تقریب میں لگ بھگ 500 افراد شریک تھے جب کہ نامزدگیاں حاصل کرنے والے بعض فن کاروں نے تقریب میں آن لائن حصہ لیا۔

یہ ایوارڈز امریکہ کی اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے ہر سال ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے نمایاں پروگرامز کو دیے جاتے ہیں۔​

رواں برس سب سے بہترین ڈرامے کی کیٹیگری کا ایمی ایوارڈ برطانوی شاہی خاندان کی کہانی پر مبنی نیٹ فلکس کی سیریز 'دی کراؤن'​ کے نام رہا۔

'دی کراؤن' سیریز موجودہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ اس سیریز کے چار سیزن آ چکے ہیں۔ پہلا سیزن 2016 میں ریلیز کیا گیا تھا جو ملکہ کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے تک کے عرصے کی عکاسی کر رہا تھا جب کہ دوسرا سیزن 2017 تیسرا 2019 اور چوتھا 2020 میں ریلیز کیا گیا۔​

ایمی ایوارڈ کے لیے بہترین ڈرامے کی کیٹیگری کے لیے ایوارڈ کی دوڑ میں مجموعی طور پر آٹھ ڈرامے شامل تھے جن میں لورکرافٹ کنٹری، پوز، دی بوائز، برجرٹن، دس از اس، دی ہینڈ میڈز ٹیل اور دی مینڈالورین شامل ہیں۔

بہترین اداکار و اداکارہ کے ایمی ایوارڈ 'دی کراؤن' کے ہی اداکار جوش او کونر اور اداکارہ اولیویا کالمین کے نام رہے۔

بہترین معاون اداکار و اداکارہ کا ایوارڈ بھی 'دی کراؤن' کے اداکار ٹوبائیس مینزیس اور اداکارہ جیلین اینڈرسن کے نام رہا۔

بہترین مہمان اداکار کا ایمی ایوارڈ ڈرامہ 'لورکرافٹ کنٹری' کے کورٹنی بی وینس کے نام رہا جب کہ دی کراؤن میں جلوہ گر ہونے والی کلیئر فوئے بہترین مہمان اداکارہ قرار پائی ہیں۔

بہترین کامیڈی سیریز

بہترین کامیڈی سیریز کے ایمی ایوارڈ کا مقابلہ آٹھ ڈراموں کے مابین تھا اور یہ ایوارڈ ایپل ٹی وی پلس سے نشر ہونے والے ڈرامے 'ٹیڈ لاسو' کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں ایوارڈ کی دوڑ میں نیٹ فلیکس کے تین اور ایچ بی او میکس کے دو ڈرامے شامل تھے جن میں کوبرا کائی، ایملی ان پیرس، دی کومینسکی میتھڈ کے علاوہ ایچ بی او میکس کے دی فلائٹ اٹینڈینٹ اور ہیکس شامل تھے۔

ٹی وی چینل اے بی سی کا ڈرامہ 'بلیک اش' اور ہولو کا 'پین 15' بھی بہترین کامیڈی ڈرامے کی دوڑ میں شامل تھے۔

بہترین کامیڈی ڈرامے کے لیے مرکزی اداکار کا ایمی ایوارڈ 'ٹیڈ لاسو' کے اداکار جیسن سوڈیکس کے نام رہا جب کہ ڈرامہ ہیکس کی اداکارہ جین اسمارٹ کامیڈی ڈرامے کی بہترین مرکزی اداکارہ قرار پائیں۔

'ٹیڈ لاسو' کے اداکار بریٹ گولڈاسٹین کامیڈی سیریز میں بہترین معاون اداکار قرار پائے اور اسی ڈرامے کی اداکارہ ہنا ویڈنگہم بہترین معاون اداکارہ کا ایمی ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔

کامیڈی سیریز میں بہترین مہمان کی کیٹیگری میں پانچ اداکاروں کے درمیان مقابلہ تھا اور یہ ایوارڈ 'سیٹرڈے نائٹ لائیو' کے ڈیو شپیل کے نام رہا اور اسی شو کی اداکارہ مایا رڈولت بہترین معاون اداکارہ قرار پائیں۔

کامیڈی سیریز کا بہترین ڈائریکٹر کون ہے؟

کامیڈی سیریز کے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ ہدایت کار لوسیا انیلو کو دیا گیا جنہیں ڈرامہ 'ہیکس' کی قسط 'دیئر از نو لائن پائلٹ' کی شاندار ہدایت کاری پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین ٹیلی ویژن فلم کا ایمی ایوارڈ 'ڈولی پارٹنز کرسمس آن دی اسکوائر' نے اپنے نام کیا۔

XS
SM
MD
LG